لاہور (شوبز ڈیسک)معروف اداکار احسن خان نے کہا ہے کہ ملک میں غربت ، جہالت اور بے روزگاری دیکھ کر بڑا دکھ ہوتا ہے ، کسی بھی ریاست کا فرض ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کریں جس کے وہ حقدار ہیں ۔ انہوں نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں فلم اور ڈرامہ سیریل کے لئے مختلف شہروں اور دیگر مقامات پر گیا ہوں جہاں مجھے غربت ، جہالت اور بے روزگاری دیکھی اور چھوٹے چھوٹے بچے سڑکوں پر بھیک مانگ رہے ہیں ،مجھے یہ حالات دیکھ کر دلی دکھ ہوتا ہے ۔اگر انہی بچوں کو اچھے سکولوں میں تعلیم کے مواقع مل جائیں تو یہ بھی مستقبل میں جا کر پاکستان کے لئے مختلف شعبوں میں کارنامے انجام دے سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو خاص طور پر تعلیم ، صحت ، روزگار ، انصاف اور امن و امان کی صورتحال پر گہری نظر رکھنی چاہیے اور ان مسائل کے سد باب کے لئے کوئی کسر باقی نہیں رہنی چاہیے ۔ احسن خان نے کہا کہ ترقی یافتہ دنیا سے مقابلہ کرنے کے لئے ہماری قوم کا تعلیم یافتہ ہونا بے حد ضروری ہے ۔انہوں نے اپنی مصروفیات کے حوالے سے بتایا کہ اس وقت ان کی تین ڈرامہ سیریل زیر تکمیل ہیں اور اس کے ساتھ دو فلمیں بھی آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں جن میں سے ایک فلم عید الفطر پر سینما گھروں کی زینت بنے گی ۔