اسلام آباد (آئی این پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مستونگ بلوچستان میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے پر خودکش حملے ‘ اس میں ڈائریکٹر سٹاف افتخار مغل اور دیگر کے جاں بحق ہونے پر اظہار یکجہتی کیلئے چیئرمین سینٹ سے رابطہ کرلیا‘ آرمی چیف نے سانحہ مستونگ کی مذمت کرتے ہوئے غمزہ خاندانوں سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے‘ چیئرمین سینٹ نے اراکین کو چیف آف ارمی سٹاف کے رابطے سے آگاہ کردیا ہے‘ مرحوم افتخار مغل سے منسوب ٹرسٹ قائم کردیا گیا ہے یہ ٹرسٹ مرحوم ڈائریکٹر سٹاف کی فیملی کی کفالت کے لئے قائم کیا گیا ہے۔ خیبرپختونخواہ کی طرف سے افتخار بابر کے بچوں کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے سانحہ مستونگ کے حوالے سے پیر کو بھی ایوان بالا سوگ میں ڈوبا رہا۔ چیئرمین سینٹ نے اراکین کو ہفتہ کو اپنے دورہ کوئٹہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ انہوں نے سی ایم ایچ اور سول ہسپتال میں مولانا عبدالغفور حیدری اور دیگر زخمیوںکی عیادت کی۔ چیئرمین سینٹ نے اراکین کو بتایا کہ جمعہ کی رات کو انہیں چیف آف آرمی سٹاف نے سانحہ مستونگ کے حوالے سے تعزیتی فون کیا۔