ہانگ ژو (اے پی پی، آئی این پی) پاکستان نے ای کامرس کے ذریعے چھوٹے اور درمیانے حجم کے کاروبار سے ملک کی عالمگیر برآمدات کے فروغ کے لئے علی بابا گروپ ہولڈنگز لمیٹڈ کے ساتھ منگل کو مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف کے کمپنی ہیڈ کوارٹرز کے دورہ کے دوران علی بابا گروپ اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے درمیان معاہدے پر وزیر تجارت خرم دستگیر اور علی بابا گروپ کے صدر مائیکل ایونز اور علی بابا کی جانب سے سینئر نائب صدر گلوبل بزنس آف اینٹ فنانشل ڈوگلس فیاگن نے دستخط کئے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اور علی بابا گروپ کے ایگزیکٹو چیئرمین جیک ما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ یا دداشت کے تحت علی بابا، اینٹ فنانشل اور ٹی ڈی اے پی نے پاکستان میں ای کامرس کے ذریعے چھوٹے اور درمیانے حجم کے کاروباری اداروں کی جانب سے مصنوعات کی دنیا بھر میں برآمدات کے فروغ پر اتفاق کیا۔ علی بابا کی طرف سے ایس ایم ایز کے لئے آن لائن اور آف لائن تربیتی پروگراموں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ ٹی ڈی اے پی ٹریننگ پروگراموں میں شرکت کے لئے موزوں ایس ایم ایز کی بھی نشاندہی کرے گا جبکہ علی بابا اس ضمن میں معاونت کے لئے ٹی ڈی اے پی کو صنعتی جائزہ بھی فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ علی بابا، اینٹ فنانشل اور ٹی ڈی اے پی نے موبائل اور آن لائن ادائیگیوں جیسے شعبوں میں پاکستان میں مالیاتی خدمات کی نمو پر بھی اتفاق کیا۔ فریقین نے پاکستان میں ایس ایم ایز کے آن لائن اور موبائل ای کامرس کاروبار میں معاونت کے لئے کلاﺅڈ کمپیوٹنگ سروسز اختیار کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے بہترین تعلقات ہیں‘ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے‘ حکومت عوام کی خوشحالی کے لئے کوشاں ہے‘ 2013 کے بعد سے ملک ی اقتصادی صورتحال میں بہتری آئی ہے‘ ہمارا مقصد عوام کو بااختیار بنانا اور معیشت کو مضبوط کرنا ہے‘ پاکستان میں ای کامرس کے شعبے میں سرمایہ کاروں کے لئے وسیع مواقع ہیں۔ وہ منگل کو معروف ای کامرس کمپنی علی بابا گروپ کے ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔ ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر کمپنی کے ایگزیکٹو چیئرمین جیک ما نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے بہترین تعلقات ہیں۔ پاکستان ایک ابھرتی ہوئی معیشت ہے حکومت عوام کی خوشحالی کے لئے کوشاں ہے۔ 2013 کے بعد سے ملک کی اقتصادی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کو بااختیار بنانا اور معیشت کو مضبوط کرنا ہے۔ موجودہ دور میں دی کامرس کسی بھی معیشت کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ای کامرس کے ذریعے وقت کی بچت اور معلومات تک رسائی ممکن ہوتی ہے۔ پاکستان میں ای کامرس کے شعبے میں سرمایہ کاروں کے لئے وسیع مواقع ہیں۔ وزیراعظم نے علی بابا گروپ کے میوزیم کا دورہ بھی کیا۔ وزیراعظم کو کمپنی کی تاریخ اور اس کے دائرہ کار کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر جیک ما نے کہا کہ علی ب ابا گروپ اپنے قیام کے بعد سے اربوں ڈالر کا منافع کما رہا ہے آن لائن تجارت کے علاوہ کمپنی نے دیہی علاقوں میں اپنا نیٹ ورک پھیلا رکھا ہے۔ دنیا بھر کمپنی کے 33 ہزار سٹیشنز کام کررہے ہیں کمپنی کے صارفین کی تعداد دو ارب جبکہ یہ دس کروڑ لوگوں کو روز گار فراہم کررہی ہے۔ اس موقع پر پاکستان اور علی بابا کمپنی کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط بھی کئے گئے۔ پاکستان کی طرف سے وزیر تجارت خرم دستگیر نے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے۔ تقریب میں وزیراعظم نواز شریف بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی فولاد سے مضبوط اورہمالیہ سے بلند ہے، پاکستان اور چین اپنے عوام کی خوشحالی کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہیں ، سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ وژن کا اہم منصوبہ ہے ، پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخی اور ثقافتی رشتے میں بندھے ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے ہینگ ژو میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری چی جن سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان گہری اور مضبوط دوستی ہے ، دونوں ملک عوام کی خوشحالی کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ وژن کا اہم منصوبہ ہے ، پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخی اور ثقافتی رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر چین کی کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری نے وزیر اعظم نواز شریف کو زی جیانگ صوبے کے تاریخی اور معاشی پس منظر پر بریفنگ دی۔ چی جن نے کہا کہ پاک چین تعلقات عوامی سطح پر روابط میں تبدیل ہوگئے ہیں ،ژی جیانگ صوبے کے پاکستان کے ساتھ مضبوط کاروباری تعلقات ہیں ، دونوں ملکوں کی دوستی ہمیشہ قائم رہے گی۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہاہے کہ پاکستان سی پیک منصوبے کی تعمیر میں چین کا ایک قابل فخر شراکت دار ہے۔وزیراعظم محمد نواز شریف نے ”چائنہ یوتھ ڈیلی“ کو ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان سی پیک منصوبے کی تعمیر میں چین کا ایک قابل فخر شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو سال کے بھرپور تعاون کے بعد یہ منصوبہ ”ایک پٹی ایک شاہراہ“ کے ساتھ واقع ممالک کے حالات کو بہتر بنانے کے لئے بین الاقوامی تعاون کے ایک اہم ماڈل میں تبدیل ہو رہا ہے۔ چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ہونے والی اہم ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ چین مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کا حامی ہے اور وہ پرامن بات چیت کے ذریعے اس کے حل کا خواہاں ہے۔
