نئی دہلی (خصوصی رپورٹ) بالی وڈ کی ماضی کی لیجنڈری اداکارہ زینت امان نے اپنی زندگی پر بننے والی فلم میں پریانکا چوپڑا کو مرکزی کردار کیلئے فٹ قراردے دیا۔ ماضی کی بے باک اداکارہ زینت امان طویل عرصے بعد ایک بارپھرسلور اسکرین پر واپسی کر رہی ہیں اور جلد ہی مشہور ویب سیریل میں بھی نظر آنے والی ہیں، لیکن ماضی کی خوبرو اداکارہ نے اپنی زندگی پر بننے والی فلم کیلئے موجودہ دور کی بولڈ اداکارہ کو موزوں قرار دیدیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق زینت امان نے اپنی زندگی پر بننے والی فلم کیلئے پریانکا چوپڑا کو سب سے آئیڈیل قرار دیدیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایک پروڈیوسر نے مجھے اپنی زندگی پر بننے والی فلم کیلئے پیش کش کی تھی جس کیلئے میں کسی صورت تیار نہیں ہوں لیکن میری زندگی پر بننے والی فلم میں پریانکا چوپڑا کو دیکھنے کی خواہشمند ہوں کیونکہ وہ ایک بہترین اور پیاری اداکارہ ہے جو میرے کردار کیلئے ایک آئیڈیل ہیں۔ واضح رہے کہ اداکارہ زینت امان نے 1971ءمیں فلم ”ہلچل“ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور لاتعداد سپرہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق پریانکا چوپڑا سے جب اس حوالے سے سوال کیا گیا کہ وہ کونسی ایک چیز ہے جو انہیں بحیثیت اسٹار ناپسند ہے تو ان کا کہنا تھاکہ مجھے یہ بالکل پسند نہیں کہ انسان کو ہر چیز کی قیمت ادا کرنی پڑتی ہے، لوگ سمجھتے ہیں کہ ہم بہت پرتعیش زندگی گزارتے ہیں، ہمارے پاس بڑی بڑی گاڑیاں ہیں لیکن ان سب کے ساتھ ساتھ ہماری زندگیاں ہماری نہیں ہوتیں اور یہی وہ قیمت ہے جو ہمیں ادا کرنی پڑتی ہے۔ پریانکا نے بتایا کہ میں بہت شرمیلی اور خود اپنی ذات میں محدود قسم کی انسان ہوں۔ مجھے اپنا پرسکون زون پسند ہے، لیکن ایک اسٹار ہونے کے ناتے یہ سب بہت مشکل ہو جاتا ہے۔ بولی وڈ میں اپنا وہ دور یاد کرتے ہوئے، جب وہ خود کو منوانے کی کوشش کر رہی تھیں۔ پریانکا نے بتایا کہ میں نے بہت جدوجہد کی اورفلم انڈسٹری نے مجھے قبول کرلیا، لکین یہاں کچھ ایسے زبردست لوگ بھی ہیں جنہوں نے مجھے میرٹ کی بنیاد پر قبول کیا۔ یاد رہے کہ پریانکا گلوکارہ بھی بن چکی ہیں۔ بطور گلوکار ان کے دو البم ”ان مائی سٹی اور اگزاٹک ریلیز ہو چکے ہیں۔ اس کے لیے پریانکا کی جہاں تعریف ہوئی ، وہیں بڑے پیمانے پر ان پر تنقید بھی ہوتی رہتی ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہ جب آپ کچھ مختلف کرتے ہیں تو تنقید ہوتی ہی ہے۔
