لاہور (شوبز ڈیسک) کمپیئر و اداکارہ عائشہ ثناءنے کہا ہے کہ مجھے صرف اداکاری کا شوق تھا جو میں نے پورا کرلیا ، اگر چاہوں بھی تو گلوکارہ نہیں بن سکتی کیونکہ میری آواز کا ٹیمپو اس طرح کا نہیں جس طرح کا ایک گلوکار کا ہونا چاہیے ۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ میں نے بے شمار ڈرامہ سیریل میں کام کیا ہے اور اپنے سینئرز سے بہت کچھ سیکھا جن میں خاص طور پر افضال احمد ، فردوس جمال ، نگہت بٹ جیسے لوگ شامل ہیں جن کے ساتھ کام کرنا باعث فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ٹی وی ڈرامہ سیریل میں گلوکار علی ظفر نے میرے بھائی کا کردار ادا کیا تھا اور اس ڈرامہ سیریل کے سیک سین کے دوران میں اس کو تھپڑ مارتی ہوں اور آج بھی جب کبھی علی ظفر سے آمنا سامنا ہوتا ہے تو وہ مجھے تھپڑ ضرور یاد کرواتا ہے ۔ علی ظفر ایک خوبصورت انسان ہونے کے ساتھ بہترین گلوکار بھی ہے۔ جس کی صلاحیتوںکو بالی ووڈ میں بھی تسلیم کیا گیا ہے ۔ عائشہ ثناءنے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ پاکستان میں بہترین ٹیلنٹ موجود ہے جس کی صلاحیتوں سے نہ ہم صرف بلکہ بالی ووڈ انڈسٹری بھی فائدہ اٹھا رہی ہے جو یقینا پاکستان کے لئے اعزاز کی بات ہے ۔
