پشاور(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ کلبھوشن یادیو دہشتگردی کا ارتکاب کرتے ہوئے پاکستان سے گرفتار ہوا اور اسے ملک کے قانون اور آئین کے مطابق ہی منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔پشاور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے عوام قومی سلامتی سے متعلق معاملات میں متحد ہیں، جہاں ابہام نہیں وہاں ابہام پیدا نہ کیا جائے، کلبھوشن کے حوالے سے بھی کسی قسم کا کوئی ابہام نہیں کہ وہ بھارتی ایجنٹ اور جاسوس ہے، وہ پاکستان میں دہشتگردی کی کئی وارداتوں کا مرتکب ہوا اور اگر اسے وقت پر نہ پکڑا جاتا تو وہ ملک میں اور زیادہ تباہی پھیلاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کلبھوشن کے تمام معاملات کو ایک جاسوس کے طور پر اپنے ملک کے آئین اور قانون کے مطابق حل کرے گا، اسے پاکستان کے قانون اور آئین کے مطابق ہی منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔پاک افغان تعلقات پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی عوام نے افغانستان کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں، دونوں ملک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، وہ افغان حکومت کی پالیسی پر بات نہیں کرنا چاہتے لیکن پاکستان کی پالیسی واضح اور شفاف ہے کہ پاکستان کسی ایسے اقدام کا ساتھ دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا جو افغانستان کی آزادی، خود مختاری یا امن میں خلل ڈالے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی حکومت پاکستان پر الزام تراشی کے بجائے اپنی داخلی اور خارجی کمزوریوں پر توجہ دے اور ہمارے دشمن کی زبان سے بات نہ کرے، اگر افغان حکومت ایک پڑوسی اور مسلمان بھائی کی حیثیت سے ہم سے بات کرے گی تو اسے ضرور سنا جائے گا لیکن جب افغان حکام بھارت کی زبان میں ہم سے بات کریں گے تو یہ ہمارے لیے قابل قبول نہیں ہوگا۔ایران کے ساتھ تعلقات پر چوہدری نثار نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر اسلامی ملک ہیں، ایران کے وزیر خارجہ گزشتہ دنوں پاکستان آئے تھے اور انہوں نے وزیراعظم اور آرمی چیف سمیت کئی اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں کیں، ہمیں مل کر تمام معاملات کو طے کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ رمضان المبارک کے بعد ایران کا دورہ کروں گا جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری پر بات کریں گے۔