راولپنڈی (آئی این پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی سرزمین کسی بھی ملک کیخلاف دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں ہو رہی اور نہ ہی پاکستان کیخلاف کسی دوسرے ملک کی سرزمین کا استعمال برداشت نہیں کیا جائیگا۔ پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور،خطے میں سیکورٹی کے معاملات پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ پاکستان کی سرزمین کسی بھی ملک کیخلاف دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں ہو رہی اور نہ ہی پاکستان کیخلاف کسی دوسرے ملک کی سرزمین کا استعمال بھی برداشت نہیں کیاجائیگا۔ امریکی سفیر نے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا ۔امریکی سفارت خانہ کی طرف سے یہاں جاری بیان کے مطابق امریکی سفیر نے پہلی امریکا عرب اسلامی سربراہ کانفرنس کے موقع پر امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ تقریر کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے (صدرڈونلڈ ٹرمپ ) نے دہشت گردی اور انتہا پسندی پر فتح پانے کیلئے امن، سلامتی،خوشحالی اوراتحاد کا وژن دیا ہے۔ امریکی سفیر نے آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی جانب سے 18مئی کو عوامی سطح پر پاکستان کی سرزمین کو کسی بھی ملک پر حملوں کیلیئے استعمال نہ کرنے کے عزم پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جایدباجوہ نے ایک مرتبہ پھر یقین دلایا کہ پاکستان کی سرزمین کو افغانستان کے خلاف منصوبہ بندی یا حملوں کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائیں گی۔ ملاقات کے دوران آرمی چیف اورامریکی سفیر نے محفوظ، مستحکم اورخوشحال افغانستان کیلئے اپنے ممالک کے عزم کا اعادہ کیا۔
