اسلام آباد (صباح نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کے اثاثوں کو درست قرار دیا۔ وزیراعظم کے اثاثوں کی چھان بین پولیٹیکل فنانس ونگ نے کی۔ نجی ٹی وی کے مطابق اثاثوں کی جانچ پڑتال کے دوران وزیراعظم نے الیکشن کمیشن کی خط و کتابت کا فوری جواب دیا۔ الیکشن کمیشن نے سیاستدانوں کے اثاثوں کی جانچ پڑتال کے لئے پولیٹیکل فنانس ونگ قائم کیا تھا۔ ونگ نے چند ماہ قبل اپنا کام باقاعدہ طور پر شروع کر دیا تھا۔ پولیٹیکل فنانس ونگ نے ارکان قومی اسمبلی کو نوٹسز بھجوائے تھے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم ان 50 فیصد ایم این ایز میں شامل ہیں جنہوں نے الیکشن کمیشن کے ساتھ جانچ پڑتال کے عمل میں تعاون کیا۔ الیکشن کمیشن نے وزیراعظم سے جو خط و کتابت کی اس کا وزیراعظم نے جواب دیا۔ الیکشن کمیشن نے تحقیقات کے بعد وزیراعظم کے اثاثوں کو درست قرار دیدیا ہے۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق پولیٹیکل فنانس ونگ نے وزیراعظم کے اثاثوں میں کوئی سقم نہیں پایا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 30 فیصد ارکان قومی اسمبلی نے پولیٹیکل فنانس ونگ کے خطوط کا جواب نہیں دیا۔