لاہور(نیٹ نیوز)چین کے سائنس دان اپنے آئندہ خلائی مشن کے دوران چاند پر آلو اگانے کی بھی کوشش کرنیوالے ہیں۔ایک چینی اخبار کے مطابق چاند سے متعلق چانگ 4 مشن آئندہ برس لانچ کیا جائیگا اور اسی مشن کے تحت آلوں کو زمینی ماحول کی طرح کے ایک چھوٹے سے حصے کے اندر رکھا جائیگا۔چانگ قنگ یونیورسٹی کے پروفیسر شی ژنپنگ نے اس اخبار کو بتایا کہ مختلف طرح کے تجربات کیلئے چاند کی سطح پر ریشمی کیڑے کے لاروے کیساتھ ایک سلنڈر بھی رکھا جائیگا۔چینی ریڈیو کا کہنا ہے اس کا مقصد یہ دریافت کرنا ہے کہ آیا چاند کی سطح پر کیڑے اور آلو کے پودے بچ پاتے ہیں یا نہیں۔اسکے مطابق اس سے جو نتائج برآمد ہونگے اس سے اس بات کا پتہ چل سکتا ہے کہ مستقبل میں وہاں انسانی زندگی کس حد تک ممکن ہو سکے گی۔