لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)چیمپئن آف چیمپئنز قومی کرکٹ ٹیم آج وطن واپس پہنچے گی پرتپاک استقبال کی تیاریاں شروع، وزیراعلیٰ شہبازشریف ٹیم کا استقبال کرینگے۔ ترجمان پنجاب حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ شہبازشریف 2بجے ایئرپورٹ پہنچ جائینگے۔ جہاں وہ
قومی کرکٹ ٹیم کا استقبال کرینگے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بابر اعظم، حسن علی، فہم اشرف اور احمد شہزاد لاہور پہنچیں گے۔ لاہور کے شہری بھارت کو عبرتناک شکست دینے والی ٹیم کے کھلاڑیوں کا تاریخی استقبال کرینگے۔ کرکٹ ٹیم کی وطن واپسی پر پوری قوم ہیروز کی راہ تکنے لگی۔ ملک بھر میں کھلاڑیوں کے بینرز لگادیئے گئے۔ نوجوان کرکٹر حسن علی کے استقبال کیلئے گوجرانوالہ میں عوام کا جوش و خروش عروج پر ہے گھر کے راستے پر ہر طرف پوسٹر اور بینرز لگادیئے گئے کھلاڑی شاداب خان کے استقبال کیلئے راولپنڈی میں بینرز لگ گئے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کچھ کھلاڑی لاہور کچھ کراچی ایئرپورٹ پر اتریں گے قومی ٹیم کے کھلاڑی محمد عامر، شعیب ملک، حفیظ اور جنید خان ابھی کچھ دن لندنمیں ہی قیام کرینگے۔ وزیرداخلہ سندھ نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور کھلاڑیوں کو وی وی آئی پی پروٹوکول دینے کی ہدایت کردی نجی ٹی وی کے مطابق وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے ایڈیشنل آئی جی کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کھلاڑیوں کا وی وی آئی پی پروٹوکول اور استقبال کیا جائے پولیس بینڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کو سلامی پیش کی جائے کپتان سرفراز کو خاص اعزاز کےساتھ گھر تک پہنچایا جائے کپتان سرفراز کووزیرداخلہ کی جانب سے گلدستہ بھی پیش کیا جائے گا۔
