اسلام آباد (آن لائن ) سپریم کورٹ نے سنیٹر نہال ہاشمی کی جانب سے مبینہ طور پر جے آئی ٹی اور ججز بارے دھمکی آمیز تقریر پر جمع کرائے گئے جواب کو مسترد کرتے ہوئے ان کیخلاف توہین عدالت میں فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ، نہال ہاشمی کیخلاف د س جولائی کو فرد جرم عائد کی جائے گی ۔ کیس کی سماعت جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بنچ نے کی ، سماعت کے آغاز پر جسٹس اعجاز افضل نے نہال ہاشمی کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب کو مسترد کرتے ہوئے نہال ہاشمی کے وکیل حشمت حبیب سے استفسار کیا کہ نہال ہاشمی کہاں ہیں پیش کیوں نہیں ہوئے تو اس پر حشمت حبیت نے عدالت کو بتایا کہ نہال ہاشمی عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے ہیں ، جس پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ نہال ہاشمی کو عدالت میں عدم حاضری سے قبل آگاہ کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے عمر ے کی ا دائیگی سے متعلق پیشگی درخورست نہیں دی ،وہ درخواست دیتے تو ہم انہیں نہ روکتے ، نہال ہاشمی عدالت سے اجاز ت لینے کے پابند ہیں ،نہال ہاشمی کا یہ رویہ ٹھیک نہیں ہے ، انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے انہیں ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ دے دیتے ہیں ،لیکن آئندہ احتیاط کرےں ، جبکہ نہال ہاشمی کے وکیل حشمت حبیب نے اٹارنی جنرل کی بطور استغاثہ تعیناتی پر اعتراض اٹھاتے ہوئے مو¿قف اختیار کیا کہ اٹارنی جنرل نہال ہاشمی کیخلاف مقدمہ درج کروایا انہیں پراسیکیوٹر نہیں ہونا چاہیے جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ کو اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کی قابلیت پر شک ہے جس پر حشمت حبیب نے کہا کہ شک نہیں لیکن بطور اٹارنی جنرل حیثیت ساقط ہوجاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نہال ہاشمی کیخلاف انتقامی کارروائی کی جار ہی ہے کراچی میں انکے کیخلاف درج مقدمہ ختم کرایا جائے انہیں ہراساں کیا جا رہا انکے بچوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے ، نہال ہاشمی سے سکیورٹی بھی واپس لے لی گئی ہے ، اگر جرم ثابت ہو جائے تو بے شک پھانسی دیدیں لیکن انتقامی کارروائیاں رکوائی جائیں ،اس پر جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ کراچی میں درج مقدمے کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی توہین عدالت کے مقدمے میں پھانسی کی سزا ہو تی ہے ،بعد ازاں عدالت نے نہال ہاشمی کیخلاف توہین عدالت کیس میں فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کیس کی سماعت دس جولائی تک ملتوی کردی اور نہال ہاشمی کے وکیل کو ہدایت کی ہے کہ اپنے موکل کو بتا دیں آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش ہوں آئندہ سماعت پر ہی ان پر فرد جرم عائد کی جائے گی ۔