اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، صباح نیوز) وزیراعظم نوازشریف کے دامادکیپٹن صفدر سے جے آئی ٹی میں پانچ گھنٹے تک تفتیش کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے دامادکیپٹن صفدر گزشتہ روز پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے اور انہو ں نے اپنا بیان ریکارڈ کر وا دیاہے تاہم اب پیشی کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے جس میں انتہائی حیران کن انکشافات ہوئے ہیں۔ ذرائع کا کہناہے کہ وزیر اعظم کے داماد کو 20منٹ تک انتظار کرنا پڑاتاہم پیشی کے دوران کیپٹن صفدر سے بار بار ان کی اہلیہ اور اور شریف خاندان کی دولت کے بارے میں سوالات کیے گئے۔ اس موقع پر کیپٹن صفدر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرا تعلق صرف اپنی بیوی سے ہے ان کی آبائی دولت کے ساتھ نہیں اور نہ مجھے ان کی آبائی دولت سے دلچسپی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا میری نظر میں پاناما کیس اٹھاون /ٹوبی کی نئی شکل ہے، یہ کیس نواز شریف کو کاشغر گوادر راہداری کی سزا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر پاناما کیس کی تحقیقات میں مصروف مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے پیشی کے لیے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی پہنچے۔فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے باہر موجود پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما ءانجم عقیل نے وزیراعظم کے داماد سے ملاقات کی۔کیپٹن صفدر سے اظہار یکجہتی کے لیے مسلم لیگ (ن)کے کارکنوں کی کی بڑی تعداد بھی اکیڈمی کے باہر موجود تھی۔مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر)صفدر نے جے آئی ٹی میں پیش ہونے کے بعد فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاناما کیس پاکستان کو ترقی یافتہ بنانے والے نواز شریف کے خلاف ہے جس کی سازش عمران خان کر رہے ہیں۔پاناما پیپرز کیس کی تحقیقاتی ٹیم نے کیپٹن (ر)صفدر سے 5 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی جس کے حوالے انہوں نے کہا کہ وہ جے آئی ٹی کے رویے سے مطمئن ہیں۔ کیپٹن صفدرنے کہا ہے کہ یہ نوازشریف کا نہیں دو قومی نظریہ کا احتساب ہورہا ہے ، عمران خان پاکستان کے خلاف سازشوں سے اپنے آپ کو دور کریں ، پاکستان کے خلاف سازش کرنے کیلئے پانامہ یہودو ہنود نے عمران خان کے ہاتھ میں دیا ہے،مگر بات پر وہی ہوئی ساری رات قصہ سنتے رہے صبح پھر پوچھا کہ زلیخالڑکی تھی یا لڑکا ۔ کیپٹن صفدرنے کہا کہ اخلاقی طورپرمیرا فرض ہے کہ جو باتیں جے آئی ٹی نے پوچھی ہیں وہ باہر آکر نہ بتاﺅں ۔ مسلم لیگ 1973کے مقدس آئین کی حفاظت کرنے والے لوگ ہیں ۔ ہم قانونی اور ضابطوں کی پابندی کرتے ہیں ۔ پانامہ لیکس صرف نوازشریف کے خلاف نہیں یہ پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے والے ملک کو اندھیروں سے نکالنے والے اور بے روزگاری کو ختم کرنے والے نوازشریف کے خلاف ہے ۔ پاکستان کے خلاف سازش کرنے کیلئے ہنودویہودنے عمران خان کے ہاتھ میں یہ دیا ہے ۔ نظریہ پاکستان آئین پاکستان اور سرزمین پاکستان کے خلا ف سازشوں سے اپنے آپ کو دور کریں ۔ عوام 2018میں بھی نوازشریف کو ووٹ دیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ جے آئی ٹی کے ممبران کا رویہ اچھا تھا سوالوں کی پرچیاں اور فائل باہر سے آرہی تھیں ۔ سارے ممبران مجھ سے جونیئر تھے آج بھی وزیراعظم کا داماد ہونے کے باوجود دس مرلہ کے مکان کی ملکیت کوقبول کرتا ہوں ۔ بدقسمتی سے آج سرے محل والوں سے کوئی نہیں پوچھ رہا اور نہ ہی کار گل کے مجرم سے اس کے جرم کے بارے میں کوئی پوچھ رہا ہے ۔ یہ تو جے آئی ٹی میں پیشی ہے اگر نوازشریف کیلئے تختہ دار لٹکنا پڑے تو لٹک جاﺅں گا۔ اپنے والد کا خالص خون نوازشریف پر نچاور کردوںگا۔ جے آئی ٹی میں منی ٹرائل اور دستاویزات دوں گا۔ یہاں پر نوازشریف کا نہیں دوقومی نظریہ کا احتساب ہورہا ہے میڈیا والے بھی دل بڑا کریں جے آئی ٹی ممبران کے ساتھ ایک ایک چیز پر تبادلہ خیال کیا مگر بات پھر وہی ہوئی ساری رات قصہ سنتے رہے صبح پھر پوچھا کہ زلیخالڑکی تھی یا لڑکا ۔
