لاڑکانہ (این این آئی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، سابق وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، صوبائی وزرائ، نثار احمد کھوڑو، سہیل انور سیال و اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے ہمراہ نماز عید گڑھی خدا بخش بھٹو میں ادا کی۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعد پاکستان کی ترقی، دہشت گرد واقعات میں شہید ہونے والے افراد اور احمد پور شرقیہ واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعد بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ کارکنان سے عید ملے۔ بعد ازاں بلاول بھٹو و دیگر نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو، شہید ذوالفقار علی بھٹو و دیگر کے مزارات پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ میں جلد ہی 45ہزار نوکریاں میرٹ پر دی جائیں گی۔ نوڈیرو ہاﺅس میں کارکنوں سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ سندھ حکومت بے روزگاری ختم کرنے کے لیے عملی طور پر کام کررہی ہے، آنے والے دنوں میں 45 ہزار نوکریاں دی جائیں گی جو کہ میرٹ کی بنیاد پر ہوں گی ۔ بلاول بھٹو زرداری سے عید ملنے کے لیئے پارٹی رہنماﺅں، کارکنان، معززین اور عام شہریوں کا جوق در جوق نوڈیرو ہاﺅس آمد کا سلسلہ عید کے دوسرے اور تیسرے روز بھی جاری رہا۔ اپنے مہمانوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں اپنی دعاﺅں میں پارا چنار، کوئٹہ اور کراچی کے شہدا اور بہاولپور حادثے کے متاثرین کو بھی یاد رکھنا چاہئے۔ بلاول بھٹو نے پنجاب کی تنظیموں سے صوبے کے دورے کا شیڈول مانگ لیا بلاول بھٹو نے پنجاب کے تمام بڑے شہروں‘ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے دوروں‘ کارکنوں اور عوامی اجتماعات سے خطاب کیلئے پیپلزپارٹی وسطی پنجاب اور جنوبی پنجاب کی قیادت سے شیڈول مانگ لیا۔