لاہور‘ شورکوٹ‘ نارووال‘ گجرات‘ بہاولنگر‘ چشتیاں‘ بھیرہ (خصوصی نامہ نگار‘ نمائندگان خبریں) پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش کے باعث چھتیں گرنے اور کرنٹ لگنے سے بچی سمیت 6افراد جاں بحق جبکہ 17زخمی ہوگئے۔ شورکوٹ کے علاقہ بنڈہ سربانہ میں آموں کے باغ میں مزدور چھپر کے نیچے سوئے ہوئے تھے کہ بارش کی وجہ سے چھپر گرنے سے ملبے تلے دب گئے جس کے نتیجہ میں 2مزدور موقع پر جاں بحق اور14افراد شدید زخمی ہوگئے۔چنیوٹ کے علاقہ دلوالہ میں بارش کے پانی میں کرنٹ لگنے سے 2بچے جاں بحق ہوگئے۔فیصل آباد میں بھی بارش کے باعث چھت گرنے کے حادثے میں 5سالہ بچی جاں بحق جبکہ 3افراد شدید زخمی ہوگئے۔لاہور کے علاقہ فاضلیہ کالونی میں 13سالہ بچہ زمین پر گری بجلی کی تار سے چھو کر زندگی کی بازی ہار گیا ۔بتایا گیا ہے کہ 13سالہ راہول عاشق مین بازار سے گزر رہا تھا کہ زمین پر گری ہوئی بجلی کی تار سے چھو کر موقع پر ہی دم توڑ گیا ۔ صوبائی دارالحکومت میں ابتدائی مون سون کی بارش نشیبی علاقے ندی نالوں کی شکل اختیار کر گئے ،پوش علاقوں کے ساتھ اہم شاہرائیں اور مارکیٹیں بھی گھنٹوں برسنے والی بارش کے باعث پانی سے بھر گئیں ،آئندہ چو بیس گھنٹے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے پر انتظامیہ نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ ،واسا ،سول ڈیفنس اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سمیت ریسکیو کو ہائی الرٹ کردیا ،گذشتہ روز الصبح ساڑھے چار سے ساڑھے پانچ بجے اور صبح سوا آٹھ سے پونے دو بجے تک ہونے والی تیز اور ہلکی بارش کے باعث سیوریج نظام اور ٹریفک نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ،کاروبار زندگی شدید متاثر ہو گئے ،سرکاری اداروں میں عید الفظر کی تعطیلات ختم ہونے کے باوجود ملازمین حاضر نہ ہوسکے ،واسا اہلکارہر ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں ،صبح ہونے والی بارش کے بعد 4 بجے تک شہر بھر خصوصا نشیبی علاقوں اور مارکیٹوں سے پانی کو نکلا دیا گیا تھا واسا ترجمان کا کہنا ہے ۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز الصبح 4 بجکر 40 منٹ پر بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو کہ ایک گھنٹہ تک 5 بجکر 35 منٹ تک رہا جبکہ بارش کا دوبارہ سلسلہ صبح 8 بجکر 20 منٹ پر شروع ہوا جو کہ مختلف وقفوں سے تیز اور ہلکی بارش کے ساتھ دوپہر 1 بجکر 45 منٹ تک رہا محکمہ موسمیات کے مطابق شہر بھر میں بارش کا مجموعی دورانیہ تقریبا 6 گھنٹے رہا اور رات گئے تک آج بھی جاری رہے گا محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق اوسطا بارش 70 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جس میں نمی کا تناسب 84 رہا محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے بعد بلدیہ عظمیٰ کی جانب سے شہر بھر میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے فلڈ کنٹرول ایریا میں رہائشی آبادی کو مقامی علاقے خالی کرنے کیلئے نوٹس جاری کردیئے گئے جبکہ ملازمین کو کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے الرٹ کردیا گیا ،بلدیہ عظمیٰ سمیت مقامی محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں بھی منسوخ کرتے ہوئے واسا ،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ،سول ڈیفنس ،ریسکیو کو بھی الرٹ کردیا گیا جبکہ بارش کے باعث واسا حکام کی جانب سے بارشی پانی کونکالنے کیلئے شہر بھر میں موجود کیمپوں میں ضروری آلات کی فراہمی سمیت بارشی پانی کے نکاس کیلئے مشینری سکر ،جنریٹر ،پمپ فراہم کرتے ہوئے بارش کے فوری بعد پانی کو نکالنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا جبکہ بارش کے باعث علامہ اقبال ٹاﺅن ،سمن آباد ،اچھرہ اندرون ،اسلام پورہ ،راوی روڈ ،کریم پارک ،مزنگ ،عابد مارکیٹ ،ڈیوس روڈ ،انارکلی،گلبرک کچی آبادی ،مکہ کالونی ،گرین ٹاﺅن ،ٹاونشپ ،گارڈن ٹاﺅن ،ماڈل ٹاﺅن ،فیصل ٹاﺅن ،چونگی امرسدو ،شاہدرہ ،بادامی باغ ،داتا نگر ،مصری شاہ ،شادباغ ،ریواز گارڈن ،باغبانپورہ ،تاج پورہ ،غازی آباد ،فتح گڑھ سمیت درجنوں علاقے ندی نالوں کا منظر پیش کر رہے تھے جہاں کاروبار زندگی مکمل مفلوج نظر آتے ہوئے ٹریفک نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔ سکھر اورجیکب آباداور اس کے گردونواح میں بارش کے باعث 200سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ہیں جس کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔سکھر اور جیکب آباد اور اس کے گردو نواح میں گرمی کے ماروں کو قرارتو آگیا لیکن بجلی کی عدم فراہمی نے انہیں دوسری مشکلات میں پھنسا دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بالائی پنجاب ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، لاہور ، سرگودھا ، فیصل آباد ڈویژنوں ، خیبر پختونخوا ، زیریں سندھ ، فاٹا اور کشمیر میں اکثر مقامات پر جبکہ جنوبی پنجاب ، بالائی سندھ ، بلوچستان کے مشرقی علاقوں اور گلگت بلتستان کے مشرقی علاقوں اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواﺅں ، آندھی اوربارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی پیشنگوئی کی ہے ۔ بدھ کو محکمہ موسمیات نے اگلے 36گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشوں میں شدت کی پیشنگوئی کی ہے ۔ جمعرات کے روز تک اسلام آباد، بالائی پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، لاہور ڈویڑن)،خیبرپختونخوا، زیریں سندھ ، فاٹا اور کشمیر کے بیشتر علاقوں میں بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے جبکہ جنوبی پنجاب (ملتان، ساہیوال، بہالپور، ڈی جی خان ڈویڑن)، بالائی سندھ(سکھر، میرپورخاص، سانگھڑ)، مشرقی بلوچستان(ڑوب،سبی، نصیر آباد، قلات ڈویڑن) اور گلگت بلتستان میں بھی کہیں کہیں بارش اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔موسلا دھار بارشوں کے باعث خیبر پختو نخوا، خطہ پوٹھوار، گوجرانوالہ، ڈی جی خان ڈویڑن اور کشمیر کے برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ۔ کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخواہ (مالاکنڈ، ہزارہ ڈویڑن) کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائنڈ نگ کا خدشہ ہے۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بالائی پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویڑن)، خیبرپختونخوا، زیریں سندھ (حیدرآباد، کراچی، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد ڈویڑن)، اسلام آباد، فاٹا اور کشمیر میں اکثرمقامات پر جبکہ جنوبی پنجاب (ساہیوال، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان ڈویڑن)، بالائی سندھ (لاڑکانہ، سکھر ڈویڑن)، مشرقی بلوچستان( ڑوب، سبی، نصیر آباد، قلات ڈویڑن) اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواﺅں/آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔