اسلام آباد (آئی این پی) وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم عہدوں کو نہیں بیٹیوں کو سیلوٹ کرتے ہیں ، اگر کوئی آپ کو عزت دیتا ہے تو جوابا اسے بھی عزت دیں۔جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز نے اپنی فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے باہر سیکیورٹی پر مامور خواتین اہلکاروں کو سلیوٹ کرنے کی تصویرشیئر کی جس میں مریم نواز سیکیورٹی پر مامور خواتین اہلکاروں کو سلیوٹ کر رہی ہیں۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ ہم عہدوں کی بجائے بیٹیوں کو سلیوٹ کرتے ہیں کیونکہ اگر کوئی آپ کو عزت دیتا ہے تو جوابا اسے بھی عزت دیں۔ دختر اول نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ تمام سلیوٹ پروٹوکول نہیں ہوتے بلکہ عزت دلوں سے کی جاتی ہے۔یاد رہے گزشتہ دنوں وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف پاناما جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئی تھیں تو فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی میں تعینات ایس ایس پی ارسلہ سلیم نے مریم نواز کو گاڑی سے نکلتے ہوئے سلیوٹ کیا تھا جس پر عمران خان سمیت اپوزیشن کی جانب سےانہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
