تازہ تر ین

لاہور کتنے اضلاع میں تقسیم ہونے والا ہے ؟

لاہور (خصوصی رپورٹ) پنجاب حکومت نے لاہور شہر کو انتظامی سطح پر چار اضلاع میں تقسیم کرنے کا حتمی فیصلہ کیا ہے، حکومت کے حکم پر کمشنر لاہور نے تمام متعلقہ محکموں سے سفارشات طلب کرلی ہیں تاکہ سمری منظوری کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوائی جا سکے۔ ہر ضلع کا علیحدہ ڈپٹی کمشنرہوگا جبکہ پولیس کا سربراہ ڈسٹرکٹ پولیس افسر ہوگا۔ اس تقسیم سے ترقیاتی فنڈز کا استعمال بھی آزادانہ اور منصفانہ ہوگا اور پسماندہ علاقوں کی ترقی بھی ممکن ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے کمشنر لاہور کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنائی تھی کہ وہ لاہور کو چار اضلاع میں تقسیم کرنے کا جائزہ لیکر اپنی سفارشات دیں۔ کمیٹی نے اپنے اجلاس میں آٹھ صوبائی محکموں سے سفارشات طلب کیں جس میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سے کہا گیا ہے کہ وہ شہر میں ہر یونین کونسل کی سطح پر لگائے گئے پراپرٹی ٹیکس کی تفصیلات فراہم کرے، محکمہ ہاﺅسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ سے کہا گیاکہ وہ اربن ڈویلپمنٹ کے جیوگرافیکل رجحان اور پاپولیشن گروتھ کے بارے میں تفصیلات فراہم کریں، لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ سے کہا گیا کہ وہ یونین کونسل کی سطح پر رجسٹرڈ ووٹوں کی تفصیلات سے آگاہ کرے اور شہر کی تحصیلوں اور یونین کونسل کی حد بندی کا ڈیجیٹل نقشہ فراہم کریں، کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ سے کہا گیا کہ لاہور میں کل رجسٹرڈ سوسائٹیوں اور ان کے نقشہ جات فراہم کریں، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو حکم دیا گیا کہ اس کی منظور شدہ ہاﺅسنگ سوسائٹیوں اور ان کے نقشہ جات کی تفصیلات فراہم کریں جبکہ محکمہ قانون پنجاب کو کہا گیا کہ لاہور کو چار اضلاع میں تقسیم کرنے کے حوالے سے قانونی مسائل کا جائزہ لیکر اپنی رپورٹ فراہم کریں۔ بیورو آف سٹیٹکس سے شہری آبادی کا ڈیٹا فراہم کرنے کا کہا گیا۔ ایک سینئر سرکاری اہلکار کے مطابق تمام محکموں کی رپورٹس کا جائزہ لینے کے لیے لاہور کمشنر کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس گزشتہ دنوں ہوا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ 1998ءکی مردم شماری کے مطابق لاہور کی آبادی 96 لاکھ تھی جو موجودہ مردم شماری میں ایک کروڑ 25 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں 8لاکھ 60 ہزار یونٹس پراپرٹی ٹیکس کی مد میں آتے ہیں۔ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے نمائندے نے اجلاس میں بتایا کہ لاہور کے چار اضلاع میں تقسیم کرتے ہوئے موجودہ یونین کونسلز کی حد بندیوں کو نہ چھیڑا جائے کیونکہ انکو ختم کرنے سے قانونی مسائل کو سامنا ہوگا، انہوں نے مزیدکہا کہ آیا لاہور کے چار اضلاع ایک ہی میٹروپولیٹن کے ماتحت ہوں گے جیسا کہ کراچی میٹروپولیٹن کے پانچ اضلاع اس کے ماتحت کام کرتے ہیں۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ لاہور کو مزید 9زونز میں تقسیم کیا جا رہا ہے جبکہ اس وقت لاہور میں 274 یونین کونسل کام کر رہی ہیں۔ اجلاس میں محکمہ کوآپریٹو کے نمائندے نے بتایا کہ لاہور چار اضلاع میں تقسیم کرتے ہوئے اس کی اہم حد بندیوں جن میں مال روڈ، جیل روڈ اور کینال روڈ کو مدنظررکھا جائے کیونکہ ان کی سطح پر لاہور کی تقسیم بہتر طریقے سے کی جاسکتی ہے۔ محکمہ پولیس لاہور کے سینئر افسرنے اجلاس کو بتایا کہ لاہور پولیس پہلے ہی چھ ڈویژنوں میں تقسیم کی گئی جن میں سٹی، صدر، کینٹ ، سول لائن ، اقبال ٹاﺅن اور ماڈل ٹاﺅن شامل ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain