اسلام آباد(ویب ڈیسک)پانامہ کیس پر جے آئی ٹی کی رپورٹ کے بعد وزیراعظم نوازشریف کے مستعفی ہونے اور فوری نئے انتخابات کے معاملے پر اپوزیشن کی دو اہم جماعتوں تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی میں اختلافات کھل کر سامنے آ گئے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے مطالبہ کیا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد وزیراعظم نوازشریف فوری طور پر استعفیٰ دے دیں اور ان کی جگہ مسلم لیگ (ن) سے نیا وزیراعظم منتخب کرایا جائے اور قومی اسمبلی کو اپنی آئینی مدت پوری کرنی چاہیے تاہم تحریک انصاف کے رہنما سابق وزیر قانون ڈاکٹر بابر اعوان نے اس سے برعکس مو¿قف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف نوازشریف کا استعفیٰ مانگنے کے ساتھ ساتھ نئے وزیراعظم کی بجائے فوری طورپر عام انتخابات چاہتی ہے اور ہم اس مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ وزیراعظم کے استعفے اور نئے انتخابات کے معاملے پر اپوزیشن کی دو اہم جماعتوں کے رہنماﺅں کے بیانات میں واضح تضاد نظر آ رہا ہے۔
