لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین احسن بھون نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ وزیراعظم اور ان کے خاندان کی کرپشن کے خلاف چارج شیٹ ہے ، افسوسناک بات ہے کہ پورا خاندان کرپشن میں ملوث ہے، جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد وزیراعظم نواز شریف ، اسحاق ڈار ،کیپٹن (ر)صفدر اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف مستعفی ہوں۔ پاکستان بار کونسل نے وزیراعظم نواز شریف سمیت دیگر رہنماﺅں کے استعفیٰ نہ دینے پر آج ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ پنجاب بار کونسل لاہور میں دیگر وکلاءرہنماﺅں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل احسن بھون نے کہا کہ سپریم کورٹ جے آئی ٹی کی تفتیش کی روشنی میں پانامہ لیکس میں نامزد لوگوں کو نااہل قرار دے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچا کر کرپشن کی رقم واپس لائے۔ احسن بھون کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کو مدنظر رکھنا ہو گا کہ کرپشن کے خلاف اتنی بڑی کوشش ناکام نہ ہو جائے، وزیراعظم ایک دوسرے ملک کی کمپنی کے ملازم ہیں کیا اس کے بعد بھی کسی ثبوت کی ضرورت ہے۔ جے آئی ٹی کی سفارشات کے مطابق وزیراعظم سمیت سب کو نیب کے حوالے کیا جائے، جے آئی ٹی نے جتنے ثبوت پیش کیے ہیں وہ ہمارے قانون کے مطابق بالکل درست ہیں، اسحاق ڈار نے بطور وزیر خزانہ پورے ملک کی معیشت کو مفلوج کر دیا ہے۔ جس نے سپریم کورٹ میں جعلی کاغذات دیئے ان کو فوری سزا دی جائے،ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کے کلاس فیلو کو میرٹ کے برعکس نیشنل بنک کا صدر بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا پاکستان بار کونسل وزیراعظم کے استعفیٰ کے مطالبے پر پورے ملک میں آج ہڑتال کی جائے گی۔ سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی کو دھمکیاں دینے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اعلان کیا تھا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ آنے کے بعد مستعفی ہو جائیں گے مگر ابھی تک استعفیٰ سامنے نہیں آیا، صورتحال پر غوروخوض کے لئے پاکستان بار کونسل نے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کر دیا۔ پریس کانفرنس میں پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین ملک عنائت اللہ اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم فوری استعفیٰ دیں وکلاءاس معاملے پر متحد ہیں اور وزیراعظم کے خلاف مل کر تحریک چلائیں گے۔
