اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تحائف کی آڑ میں 102ارب روپے کی منی لانڈرنگ کرنے والے 2785 دولت مند پاکستانیوں کو نوٹس جاری کر دیئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحائف لینے دینے والوں سے آمدن کے ذرائع کی تفصیلات پوچھی گئی ہیں۔ ایف بی آر نے تصدیق کی ہے کہ مختلف ذرائع سے قیمتی تحائف وصول کرنے والے تمام افراد کو نوٹس بھیجے گئے ہیں اور ریجنل ٹیکس آفیسز (آر ٹی آوز) سے نوٹسز کے حوالے سے مسلسل رابطہ ہے۔ ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق 3افراد نے ایک ارب روپے یا اس سے زائد کے تحائف وصول کئے۔ آٹھ افراد نے 50 کروڑ سے 1 ارب روپے تک کے تحائف وصول کئے۔ 97 افراد نے 10 سے 20 کروڑ روپے تک کے تحائف وصول کئے۔ دو سو 80 افراد نے 5 سے 10 کروڑ روپے تک کے تحائف وصول کئے۔ 2 ہزار 348 افراد نے 1 سے 5 کروڑ روپے تک کے تحائف وصول کئے۔
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین اور ان کے بچوں کے درمیان تحائف کے تبادلے کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ تحائف کا انکشاف ایف بی آر کو جمع کرائے گئے اثاثوں کی تفصیلات سے ہوا ہے۔ جہانگیر ترین اور بچوں میں 6سال میں 2 ارب 10 کروڑ روپے کا بطور تحائف تبادلہ ہوا۔ تحائف کا سب سے زیادہ تبادلہ 2011ءمیں ایک ارب 20 کروڑ روپے کیا گیا۔ جہانگیر ترین نے بچوں کو ایک ارب 96 کروڑ روپے تحائف کے طور پر دیئے۔ جہانگیر ترین کو ان کے بچوں نے 16 کروڑ روپے تحائف کے طور پر دیئے۔
