اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ آج شام 5 بجے پریس کانفرنس کررہے ہیں جس میں ان کی جانب سے سیاسی حوالے سے اہم اعلان متوقع ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان پنجاب ہاو¿س اسلام آباد میں آج شام اہم پریس کانفرنس کررہے ہیں اور اس میں وہ ملک کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دوسری جانب شہباز شریف بھی ایک مرتبہ پھر ہنگامی طور پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔پاناما لیکس کے حوالے سے چوہدری نثار کو وزیر اعظم کی حکمت عملی پر شدید تحفظات تھے۔ وفاقی کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں انہوں نے کھل کر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا جس کے بعد وہ وزیر اعظم کے کسی مشاورتی اجلاس میں نہیں گئے۔وفاقی وزیر داخلہ کو گزشتہ اتوار کو پریس کانفرنس کرنا تھی لیکن کمر کی شدید تکلیف کے بعد اسے ملتوی کردیا گیا۔ منگل کے روز ان کی پریس کانفرنس سے کچھ ہی دیر پہلے لاہور میں خودکش حملہ ہوگیا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے مناسب وقت تک پریس کانفرنس ملتوی کردی تھی۔ اس دوران وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے انہیں منانے کی کوششیں کیں جو کہ کامیاب نہ ہوسکیں۔ جس کے بعد انہوں نے آج شام دوبارہ پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں وہ متوقع طور پر کوئی بڑا اعلان کرسکتے ہیں۔