لاہور (خصوصی رپورٹ) پاکستانی نژاد برطانوی پروموٹر معروف لوک گلوکار عیسیٰ خیلوی کے ساتھ فراڈ کر گیا۔ منصور علی نامی پروموٹر لندن میں میوزیکل شو کی 10ہزار پاﺅنڈ کی ٹکٹیں فروخت کر کے غائب ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ عطاءاللہ عیسیٰ خیلوی کو برطانیہ کے پروموٹر منصورعلی نے لندن کے پولین سینما میں میوزیکل شو میں پرفارم کرنے کیلئے مدعو کیا تھا اور معاہدے کے مطابق پروموٹر نے میوزیکل شو ہونے سے قبل گلوکار کو معاوضے کی رقم ادا کرنا تھی۔ عطاءاللہ عیسیٰ خیلوی اپنے سازندوں کے ہمراہ وقت سے ایک گھنٹہ قبل ہال میں پہنچ گئے اور سازندوں نے سٹیج پر اپنے ساز بھی سجا لئے۔ گلوکار نے جب پروموٹر سے معاوضہ مانگا تو اس کا کہنا تھا وہ ٹکٹیں فروخت کر کے انہیں معاوضے کی رقم ادا کرے گا۔ جب تمام ٹکٹیں فروخت ہو گئیں اور شائقین سے ہال بھر گیا تو گلوکار‘ پروموٹر کا انتظار کرتے رہے تاہم منصور علی ٹکٹیں فروخت کر کے وہاں سے غائب ہو گیا اور شو شروع نہ ہو سکا جس پر شائقین نے ہال میں ہنگامہ برپا کر دیا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ پروموٹر نے 10ہزار پاﺅنڈ کی ٹکٹیں فروخت کیں اور نہ صرف عطاءاللہ عیسیٰ خیلوی کا معاوضہ ہڑپ کیا بلکہ 7سو پاﺅنڈ ہال کا کرایہ بھی ادا نہ کیا۔ بتایا گیاہے کہ پروموٹر نے ایک ہزار پاﺅنڈ میں پولین سینما ہال بک کرایا تھا اور بکنگ کراتے وقت اس نے تین سو پاﺅنڈ ایڈوانس ادا کئے تھے اور اپنا ایڈریس بریڈفورڈ کا لکھوایا۔ سینما انتظامیہ جب منصورعلی کی تلاش میں اس کے دیئے ہوئے ایڈریس پر پہنچی تو وہ بھی غلط نکلا۔
عطاءاللہ فراڈ