لاہور (ویب ڈیسک) عمران خان سیاست کے میدان میں تہلکہ مچانے سے پہلے کرکٹ کے میدانوں میں مخالفین کے چھکے چھڑاتے رہے ہیں اور پوری دنیا میں ان کے مداح موجود رہے ہیں۔ انہوں نے ناصرف پاکستان کو ورلڈکپ جتوایا بلکہ پوری دنیا میں پاکستان کرکٹ کو زندہ کیا۔
ہمسائے ملک بھارت کے وہ کرکٹرز جو عمران خان کے دور میں کھیلتے تھے، وہ بھی ان کی صلاحیتوں اور اس وقت ٹیم کیلئے کی گئی تبدیلیوں اور کوششوں کے قائل ہیں اور شائد یہی وجہ ہے کہ وہ آج دنیا کے بہترین بلے باز ویرات کوہلی کو بھی عمران خان کے نقش قدم پر چلنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ بھارت کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر سنجے منجریکر بھی عمران خان کی سوچ اور صلاحیتوں کے معترف ہیں اور انہوں نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو ان کے نقش قدم پر چلنے کا مشورہ دیا ہے۔
سنجے منجریکر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا ”جب عمران خان پاکستان کی مضبوط ٹیم کی قیادت کر رہے تھے تو انہوں نے اپنے بورڈ پر زور دیا کہ ٹیم کیلئے مشکل ترین چیلنجز تیار کئے جائیں، یعنی پاکستان ٹیم مشکل ترین ٹیموں کے خلاف میچ رکھے جائیں۔ ویرات کوہلی کو بھی ایسا ہی کرنا چاہئے۔“
ان کا یہ بیان سامنے آنے کے بعد جہاں پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے وہیں سنجیدہ لوگ ان کے بیان کو خوب سراہ رہے ہیں جن کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کو اپنی بھرپور کارکردگی جانچنے کا موقع اس وقت ہی ملے گا جب وہ مضبوط ٹیموں کے خلاف کھیلے گی۔






































