لاہور (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ خواجہ آصف کی غیر سنجیدگی یا پھر ناکام ریلی پر پردہ ڈالنے کی کوشش‘ عوام کا جم غفیر دکھانے کیلئے ممتاز قادری کے چہلم‘ دعوت اسلامی انڈیا کے اجتماع اور ن لیگ کے پشاور جلسے کی تصاویر اپ لوڈ کر دیں۔ تفصیل کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے بدھ کے روز نکالی جانے والی ریلی کے راولپنڈی پہنچنے پر استقبال کی کچھ تصاویر ٹویٹ کیں جس میں انہوں نے راولپنڈی کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ راولپنڈی نے پیار کی نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ وزیر خارجہ نے انتہائی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جو تصویریں ٹویٹ کیں ان میں سے فقط ایک تصویر ریلی کی جبکہ باقی تین کا اس ریلی سے دور دور تک واسطہ نہیں۔ فقط عوام کی زیادہ تعداد دکھانے کیلئے خواجہ آصف نے جو تصویریں ٹویٹ کیں ان میں سے ایک ممتاز قادری کے چہلم‘ دوسری ن لیگ پشاور جلسے کی جبکہ تیسری دعوت اسلامی انڈیا کے ایک اجتماع کی ہے۔ حیران کن بات یہ بھی ہے کہ ن لیگ پشاور جلسے کی یہی تصویر ایک سال پہلے 8 اگست 2016ءکو ٹویٹ کر چکے ہیں جو کہ ان کے ٹویٹر اکاو¿نٹ پر موجود ہے۔ اس کے علاوہ اگر آپ گوگل میں ”Dawate Islami ijtema Chittagong “ لکھیں تو دوسری تصویر کی حقیقت بھی سامنے آجاتی ہے۔