لاہور(ویب ڈیسک)برصغیر میں پاپ میوزک متعارف کرانے والی نازیہ حسن کو ہم سے بچھڑے 17 برس بیت گئے لیکن وہ آج بھی اپنے مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔3 اپریل 1965 کو کراچی میں میں پیدا ہونے والی پاپ اسٹار نازیہ حسن نے اپنے فنی کیریئرکا آغاز15 برس کی عمرمیں پاکستان ٹیلی وڑن سے کیا، نازیہ حسن نے کم عمری میں ہی اپنی فنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا شروع کردیا تھا تاہم انہیں عالمی سطح پراس وقت شہرت ملی جب انہوں نے بھارتی پروڈیوسر وہدایت کار فیروز خان کی فلم “قربانی” کا مشہور گیت “آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے” ریکارڈ کروایا، اس گانے نے نازیہ حسن کو راتوں رات سپراسٹار بنا دیا اور اس طرح وہ پاکستان کے ساتھ بھارتی میوزک انڈسٹری کا بھی جانا پہچانا نام بن گئیں،اس گیت کیلئے انہیں فلم فیئرایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔نازیہ حسن کا پہلا البم “ڈسکو دیوانے تھا جس نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کئے، اس البم میں ان کے بھائی زوہیب حسن نے بھی اپنی آوازکا جادو جگایا، بہن بھائی کی اس جوڑی نے بعد میں بھی کئی یادگار گیت گائے۔