کراچی(آئی این پی ) مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین کے دورئہ کراچی میں مسلم لیگیوں کے اتحاد میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ چودھری شجاعت حسین، مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صاحب پگاڑا اور بزرگ مسلم لیگی رہنما سید غوث علی شاہ نے اتفاق رائے کے بعد چار رکنی رابطہ کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس میں پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی، سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ ایم این اے، مسلم لیگ فنکشنل کے جنرل سیکرٹری سردار رحیم بخش شامل ہیں جبکہ اس کے سربراہ سید غوث علی شاہ ہیں، کمیٹی تمام نظریاتی مسلم لیگیوں اور مسلم لیگوں سے رابطہ کر کے رپورٹ پیش کرے گی۔ چودھری شجاعت حسین نے طارق بشیر چیمہ کے ہمراہ کراچی پہنچنے کے بعد اپنی پارٹی کے صوبائی صدر اسد جونیجو اور دیگر رہنماﺅں و کارکنوں سے ملاقات کی۔ بعد ازاں سید غوث علی شاہ سے اور پھر غوث علی شاہ کے ہمراہ پیر صاحب پگاڑا پیر صبغت اللہ شاہ سے ملاقات کی۔ پیر صاحب پگاڑا نے چودھری شجاعت حسین اور تمام دیگر رہنماﺅں کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور کہا کہ وہ چودھری شجاعت حسین کے جذبات کی دلی طور پر قدر کرتے اور اتحاد کیلئے ان کی کوششوں کو سراہتے ہیں، ان کے دل میں چودھری صاحب کا نہایت احترام اور عزت ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے طارق بشیر چیمہ، اسد جونیجو اور دیگر رہنماﺅں کے ساتھ سید غوث علی شاہ سے ملاقات کے بعد ان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غوث علی شاہ کا مشکورہوں کہ انہوں نے میری اور میرے ساتھیوں کی عزت افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ اس بار ہم لیڈروں کو نہیں بلکہ اصلی اور نظریاتی مسلم لیگیوں کو اکٹھا کرنے کیلئے ان سے رابطے کر رہے ہیں جو گھروں میں بیٹھے پاکستان اور مسلم لیگ کیلئے دعائیں کر رہے ہیں، ہم انہیں بھی ساتھ لے کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگیوں کو پاکستان مسلم لیگ کے نام اور پلیٹ فارم پر ہی اکٹھا کیا جائے گا، دیگر جماعتوں، پیپلزپارٹی میں جو مسلم لیگی بیٹھے ہیں اورن لیگ میں جو اچھے لوگ ہیں ان سے بھی بات کریں گے، نوازشریف اورشہبازشریف سے بات کرنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ پہلے اصل مسلم لیگیوں کو تو اکٹھا کرنے دیں۔ سید غوث علی شاہ نے کہا کہ چودھری شجات حسین سے ملاقات میں ہمارا تمام باتوں پر اصولی اتفاق ہو گیا ہے۔ مسلم لیگیوں کے اتحاد کیلئے چودھری شجاعت حسین کی کوششوں پر اظہار تشکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام مسلم لیگیوں کے اکٹھا ہونے سے عوامی خدمت کی ایک بڑی جماعت بن جائے گی، ہمارا اس بات پر اتفاق ہوا ہے اور ہم نے اس پر کام شروع کر دیا ہے تاکہ آج کا کام آج ہی کیا جائے اور اس میں کوئی تاخیر نہ کی جائے۔ پاکستان کی خالق جماعت مسلم لیگ ہے یہ کمزورہوئی تو پاکستان دولخت ہو گیا اس نیک کام میں اللہ کریم ہماری مدد کرے گا امید ہے میڈیا والے بھی ہمارا ساتھ دیں گے۔ چودھری شجاعت نے کہا ہے کہ سیاسی اتحاد بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں ،کو شش ہے کہ تمام لیگی متحدہو جائیں، نیک نیتی سے اتحاد کا ایجنڈا لے کر کراچی آیا ہوں ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ کراچی میں غوث علی شاہ، پیرصاحب پگارا اور دیگررہنماںسے ملاقات کروں گا، سیاسی حالات خراب ہیں اس کے لئے لیگیوں کو کردار ادا کرنا چاہئے اور مسلم لیگ کا متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے لیکن لیگیوں کے اتحاد میں کچھ رکاوٹیں بن رہے ہیں،ق لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سابق صدر پرویز مشرف سے الائنس کیلئے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔کراچی میں امن کا کریڈٹ فوج کو جاتا ہے، اس سوال کے جواب میں چودھری شجاعت نے کہاکہ ماڈل ٹاﺅن لاہور میں بے گناہ لوگوں کو گولیاں ماری گئیں یہ کیس سب مقدمات سے اہم ہے۔ چوہدری شجاعت حسین نے دعویٰ کیا کہ (ن) لیگ کے 70 ارکان قومی اسمبلی بڑا فیصلے کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے 70اراکین قومی اسمبلی رابطے میں ہیں جو بڑا فیصلہ کر سکتے ہیں۔






































