راولپنڈی(بیورورپورٹ)سابق وزیر اعظم نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام وکلاءکنونشن میں شرکت کی تو وہاں اپنی تقریر کے دوران انہوں نے چند سوالات کا ذکر کیا جو ان کے مطابق ہر پاکستانی پوچھ رہاہے ، انہوں نے یہ سوالات اپنی تقریر میں دہرائے اور حاضرین سے ان کے جواب بھی لئے، لیکن عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی اس سوال کا جواب دینے میدان میں آگئے، اگرچہ وہ اس تقریب میں شریک نہیں تھے لیکن پھر بھی انہیں اس سوال کا جواب دینے کی اس قدر شدید ضرورت محسوس ہوئی کہ انہوں نے نوازشریف کی تقریر ختم ہونے کا انتظار بھی نہ کیا اور گھر بیٹھے ہی ٹوئیٹر کے ذریعے جواب دیدیا۔ انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر نجی خبررساں ادارے کی جانب سے چلائی جانے والی سابق وزیراعظم کی تقریر کا ایک جملہ شیئر کیا جو انہوں نے حاضرین سے اپنے سوالات پوچھنے سے پہلے اداکیا، یہ جملہ کچھ یوں تھا ،”یہ صرف چند سوالات ، یہ سوالات ہر پاکستانی پوچھ رہاہے©©“، شیخ رشید نے انکا یہ جملہ شیئر کرتے ہوئے اپنے جواب میں ان کے اثاثوں کی رسیدوں کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ”رسیدیں بھی ہرپاکستانی پوچھ رہاہے“۔ دریں اثناءعوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نوازشریف اپنی کچن کیبنٹ بنارہاہے ، پاکستان میں اہل وزیرخارجہ لگانا ضروری ہے ، امریکہ سے تعلقات کی پالیسی کو واضح کرنے کی ضرورت ہے ، گذشتہ روز نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف اپنی کچن کیبنٹ بنارہاہے، پاکستان ایٹمی طاقت ہے ذمہ داری بھی زیادہ ہے، پاکستان میں اہل وزیرخارجہ لگانا ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ امریکہ سے تعلقات کی پالیسی کو واضح کرنے کی ضرورت ہے۔