اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)پاکستان میں کھیلوں کے انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کی بحالی کے حوالے سے مثبت خبریں سامنے آنا شروع ہو گئی ہے اور کرکٹ کی ورلڈ الیون کے بعد رواں سال نومبر میں ہاکی کی ورلڈ الیون نے بھی پاکستان آنے کی حامی بھر لی ہے جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پاکستان ہاکی لیگ کے انعقاد کیلئے( آج)ہفتہ کو مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے ۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز احمد سینئر کے مطابق ہاکی ورلڈ الیون میں اولمپک چیمپئن اور ورلڈچیمپئن ٹیموں کے کھلاڑی بھی شامل ہونگے، ہاکی ورلڈ الیون ایک میچ کراچی ایک لاہور میں کھیلے گی جبکہ ماضی کے عظیم کھلاڑی باولنڈر، دھن راج پلے پال، لیجن اور چارا ورتھ کو ہال آف فیم بھی دیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ہاکی فیڈریشن نے پاکستان ہاکی لیگ کو حتمی شکل دینے کیلئے( آج) ہفتہ کو اجلاس بلا لیا ہے، ہاکی لیگ کے انعقاد کے حوالے سے اہم فیصلے کرینگے جبکہ پاکستان ہاکی لیگ اپنی نوعیت کا منفرد انٹرنیشنل ایونٹ ہو گا۔
