لاہور (وقائع نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سنیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی سیاست کامقصد ملک میں شریعت کا نفاذ اور مظلوم طبقہ کے حقوق کی جنگ لڑنا ہے۔ہم اقتدار کے ایوانوں کے دروازے عام آدمی پر کھولنے کی جدوجہد کر رہے ہیں ۔این اے 120میں عوام اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کے لیے جماعت اسلامی کی صادق اور امین قیادت کا ساتھ دیں اور17ستمبر کو حق و سچ کے نشان ترازو پر مہر لگا کر کرپشن فری پاکستان کی بنیاد رکھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے منصورہ میں این اے 120سے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار ضیاءالدین انصاری، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد،جماعت اسلامی کر رہنما حافظ سلمان بٹ اور ناظم انتخاب چوہدری محمود الاحدکے ساتھ ملاقات کے موقع پر کیا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ جماعت اسلامی کے علاوہ تمام پارٹیوں کو ایک طبقہ اشرافیہ نے یرغمال بنا رکھا ہے،کہیں جاگیردارہیں، کہیں وڈیرے اور سرمایہ داراور کہیں قومیت و مسلک کے علمبردارجبکہ جماعت اسلامی نے ان موروثی خرابیوں اور خاندانی تسلط سے پاک ایک آئینی اور جمہوری راستے پر چلتے ہو ئے اپنا سفر جاری رکھا ہوا ہے۔جماعت اسلامی کی دعوت کا مرکز و محور ہی اللہ اور اُس کے رسولﷺ کی ذات گرامی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے سینکڑوں ارکان اورکارکنان سینٹ،قومی و صوبائی اسمبلیوں اور بلدیاتی اداروں کے ممبر رہے مگر کسی کے دامن پر کرپشن،کمیشن اور اقربا پروری کا کوئی داغ نہیں۔ جبکہ دوسری طرف اس معاشرے میں موجود سیاستدان دونوں ہاتھوں سے قومی دولت لوٹ رہے ہیں،3 بار وزیراعظم رہنے والے اپنی بے تہاشا دولت کے ذرائع آمدنی نہیں بتا سکے جس پر وہ نا اہل ہوئے۔ اس ملک کے 436 لوگ آف شورز کمپنیوں کے مالک ہیں۔ ہم سابق نا اہل وزیر اعظم سمیت سب کا احتساب چاہتے ہیں تا کہ ملک میں عادلانہ نظام کے ذریعے غریب،ہاری،مزدور اور کسان کے بیٹے کو بھی زندگی گزارنے کی وہی سہولتیں مل سکیں جن سے وزیروں،مشیروں اور حکمرانوں کے بیٹے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ہم اقتدار کے ایوانوں کے دروازے عام آدمی پر کھولنے کی جدوجہدکر رہے ہیں جن میں نوجوان خاص اہمیت کے حامل ہیں۔این اے 120 کا الیکشن ایک ٹیسٹ کیس ہے جس کے اثرات پورے ملک پر پڑیں گے میں این اے 120 کی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہماری آزمودہ قیادت کو ووٹ دے کر کامیاب کریں میں آپ کو یقین دلاتا ہوںکہ ہمارے نمائندے نہ آپ کی امانتوں میں خیانت کریں گے اورنہ ہی کسی کو خیانت کرنے دیں گے آپ کی امانتوں کی حفاظت اور عوام کے وسائل کو عوام پر ہی خرچ کرنا ہمارا مشن اور مقصد ہے ہمارے نمائندے عوامی خدمت گار ہیں حلقے میں خدمت اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کوشش کی ایسی مثالیں قائم کریں گے جس کے نتیجے میں حلقے میں خوشحالی اور ملک میں انقلاب برپا ہو گا۔
