لاہور( آن لائن ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز، ایشین بریڈ مین اور آئی سی سی کے صدر ظہیر عباس نے کہا ہے کہ ورلڈ الیون اور دیگر ٹیموں کی پاکستان آمد سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل جائیں گے اور دنیائے کرکٹ کی دیگر ٹیموں کی بھی پاکستان آنے کی راہ ہموار ہوگی ، انہوں نے کہاکہ اگلے ماہ آئی سی سی کی ورلڈ الیون پاکستان آرہی ہے اور اس کے دورہ کے کامیاب انعقاد سے آئی سی سی کے بھی اعتماد میں اضافہ ہو جائے گاجبکہ سری لنکن ٹیم کی آمد سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو جائے گی ،ظہیر عباس نے کہا کہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کا کافی عرصہ سے سنا جارہا تھا لیکن پی سی بی کے موجودہ چیئرمین نجم سیٹھی نے ان کے دورہ کو یقینی بنایا ،انہوں نے کہا کہ انہوں نے بطور آئی سی سی صدر بہت کچھ سیکھا ہے ،پی سی بی کو چاہئے کہ وہ ورلڈ الیون اور سری لنکن ٹیم کے دورہ کے دوران آئی سی سی سمیت مختلف کرکٹ بورڈ ز کے عہدیداروں کو بھی میچز کے دوران مدعو کریں تاکہ ان کو بھی پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے اعتماد ہو ۔،ظہیر عباس نے کہاکہ پاکستان میں کافی عرصہ سے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہورہی لیکن پاکستان نے اس کے باوجود ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور چیمپئنز ٹرافی جیتی ہے ،ہم کرکٹ سے دور نہیں ہوئے،جب تک ہمارے نوجوانوں کو کرکٹ کا شوق رہے گا ،ہماری ٹیم کو نیا ٹیلنٹ ملتا رہے گا ،انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کے باوجود کرکٹ کے جنون میں کمی نہیں ہوئی لیکن اب ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوگی تو شائقین کرکٹ اپنے ہیروز کو اپنی ہوم گراﺅنڈ پر کھیلتے دیکھیں گے اور ان کے اندر کرکٹ کا مذید شوق پیدا ہوگا ،انکا مزید کہنا تھا کہ ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان خوش آئندہے اور اس کے پاکستانی کرکٹ پر بہت اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔