لاہور(آئی این پی)ورلڈ الیون کے 4 روزہ دورے کے لئے بھرپور سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا ہے۔ مہمان ٹیم کو صدر مملکت سطح کی حفاظت فراہم کی جائے گی۔ ہیلی کاپٹر سے میدان اور ٹیموں کی نگرانی کا انتظام بھی کیا جائے گا۔ آرمی چیف، وزیراعظم اور وزیراعلی کو میچ دیکھنے کی دعوت دی جائے گی۔پاکستان سے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنے ورلڈ الیون 11 ستمبر کو دبئی سے لاہور پہنچے گی۔ میچز 12، 13 اور 15 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔ گذشتہ روز حکومت پنجاب، پی سی بی اور سیکیورٹی اداروں کے اعلی سطحی اجلاس میں دورے کے حفاطتی انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔مہمان ٹیم کو صدر مملکت سطح کی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی جس کے لئے اسٹیڈیم اور ارد گرد 10 ہزار سیکیورٹی اہلکار اور کمانڈوز تعینات کئے جائیں گے۔ ٹیموں اور گراﺅنڈ کی نگرانی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کی جائے گی۔ میدان میں شائقین کے ساتھ سادہ لباس اہلکار بھی ڈیوٹی دیں گے جو ہر شخص پرنظر رکھیں گے۔پی سی ایس فائنل کے موقع پر لگائے جانے والے کیمروں کے علاوہ 10 مزید کیمرے بھی نصب کئے جائیں گے۔ میدان کے چاروں جانب خاردار تاریں لگائی جائیں گی تاکہ کوئی میدان میں داخل نہ ہوسکے۔ مہمان ٹیم کے ہوٹل سے اسٹیڈیم کے لئے 3 روٹس کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں انہیں میچز دیکھنے کی دعوت دی جائے گی اور ان سے بھی سیکیورٹی میں مدد فراہم کرنے کی درخواست کی جائے گی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلی شہباز شریف کو بھی میچ دیکھنے کی دعوت دی جائے گی۔ آئی سی سی کے تمام ٹیسٹ ممالک کے بورڈز حکام کو دعوت نامے ایک دو روز میں ارسال کردیئے جائیں گے۔ کرسیوں کی مرمت اور دونوں ڈریسنگ روم کی تزئین وآرائش منگل سے شروع ہو جائے
