اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان کے ابھرتے ہوئے سٹار شاداب خان پاکستان سپر لیگ اور کیریبین پریمیئر لیگ میں متاثر کن کارکردگی کے بعد اب آسٹریلیا کے ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ بگ بیش لیگ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے، انہوں نے برسبین ہیٹ سے معاہدہ کیا ہے، برسبین ہیٹ نے ویسٹ انڈین سپنر سیموئل بدری کی جگہ شاداب کی خدمات حاصل کی ہیں، لیگ 19 دسمبر سے شروع ہو گی۔ 18 سالا لیگ سپنر شاداب خان کیلئے رواں سال اب تک بہت خوش قسمت ثابت ہوا ہے جس میں انہوں نے پاکستانی ٹیم کیلئے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ٹائٹل جیتا، انہوں نے مارچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹونٹی ڈیبیو کیا، انہوں نے پہلے ہی میچ میں 7 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیکر ٹیم کو فتح دلاتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ میں جاندار انٹری کی، انہوں نے سیریز میں عمدہ پرفارمنس دیتے ہوئے سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔
برسبین ہیٹ کے کوچ ڈینئل ویٹوری نے اپنے بیان میں کہا کہ شاداب باصلاحیت سپنر ہیں، ان سے معاہدہ ہمارے لئے باعث اعزاز ہے، امید ہے کہ وہ اپنے تجربے سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے کلب کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔