اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی کابینہ کا حصہ نہ بننے والے سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے سیاسی تنہائی کے خاتمے اور آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے غیررسمی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ چودھری نثار نے ملک میں آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کیلئے ابھی سے ہوم ورک شروع کر دیا ہے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی طرف سے حالیہ دنوں میں راولپنڈی ڈویژن میں جلسے کے انعقاد کے بعد چودھری نثار سیاسی طور پر متحرک ہو گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا چودھری نثار کی خفیہ طور پر راولپنڈی ڈویژن کے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے اور وہ سیاسی تنہائی سے خود کو بچانے کیلئے آئندہ کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔ ذرائع کے مطابق چودھری نثار قومی اسمبلی میں اپنی نشست کے ساتھ وزیر داخلہ احسن اقبال‘ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر خارجہ خواجہ آصف کی موجودگی کی وجہ سے بھی ہچکچاہٹ کا شکار ہیں۔ نثار نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی کابینہ میں شامل نہ ہو کر ان کیلئے بھی اچھا پیغام نہیں چھوڑا۔ ذرائع کے مطابق اس وقت چودھری نثار صرف وزیراعلیٰ شہبازشریف کے ساتھ سیاسی طور پر ایڈجسٹ ہیں اور سیاسی حلقوں کے مطابق ملک میں آئندہ سیاسی سیٹ اپ میں چودھری نثار اور شہبازشریف کا کردار ہی بنیادی نوعیت کا ہو گا۔