اسلام آباد(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین نیب نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے اثاثے منجمدکرنے کی سفارش مسترد کردی جبکہ پانامہ کیس کے حوالے سے نیب کے اہم ترین ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا جس میں شریف خاندان، اسحاق ڈار کیخلاف ریفرنسز کی منظوری دی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے اثاثے منجمدکرنے کی سفارش مسترد کردی جبکہ شریف خاندان اور اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش بھی مسترد کر دی ۔ دونوں معاملات پر فیصلہ نیب کورٹ کرے گی۔ دوسری جانب پانامہ کیس کے حوالے سے نیب کے اہم ترین ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس (آج ) بدھ کو طلب کرلیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں شریف خاندان، اسحاق ڈار کیخلاف ریفرنسز کی منظوری دی جائے گی، شریف خاندان کیخلاف 3 ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری ہوگی، 7 ستمبر کو شریف خاندان، اسحاق ڈار کیخلاف ریفرنسز دائر کردئیے جائیں گے ۔2 ریفرنسز اسلام آباد، 2 پنڈی کی احتساب عدالتوں میں دائر کیے جائیں گے۔ اجلاس میں پراسیکیوٹر جنرل، ڈائریکٹر جنرل آپریشنز، ڈائریکٹر جنرل نیب پنڈی طلب کرلیے گے ۔ذرائع کے مطابق شریف خاندان کے اثاثے منجمد کرنے، نام ای سی ایل میں ڈالنے کا جائزہ لیا جائے گا،اسحاق ڈار کے اثاثے منجمد کرنے، نام ای سی ایل میں ڈالنے کا بھی جائزہ لیا جائے گا، ذرائع کے مطابق نواز شریف، حسن نواز، حسین نواز اور مریم نواز کیخلاف 3 ریفرنسز دائر ہوں گے، پارک لین اپارٹمنٹس، آف شور کمپنیوں اور عزیزیہ سٹیل ملز کے ریفرنسز دائر ہوں گے۔نیب پراسیکیوشن کی جانب سے کلیئر قرار دیئے گئے ریفرنسز میں ایوین فیلڈ، عزیزیہ اسٹیل ملز او ر آف شور کمپنیوں کے ریفرنسز شامل ہیں، سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس بھی کلیئر قرار دیاگیا ہے، شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز آپریشن ونگ کو ارسال کردیئے گئے ہیں۔