اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں غربت میں اضافے کے باوجود پختونخوا میں حکومت غربت میں پچاس فیصد تک کمی لانے میں کامیاب ہوئی ہے۔شماریات بیورو کے اعداد و شمار کی مطابق 2013 سے 2015 تک پختونخوا میں غربت کم ہو کر آدھی رہ چکی ہے۔اپنے اےک بےان مےںعمران خان نے پختونخوا حکومت کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ نمائشی منصوبوں کی بجائے غربت میں کمی پختونخوا میں ہماری ترجیح تھی۔کئی اقدامات کے باعث پختونخوا سے غربت مٹانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔قابلیت اور اہلیت کی بنیاد پر نوکریوں سے صوبے میں روزگار کے مساوی مواقع پیدا ہوئے۔ عمران خان نے کہا کہ بہتر سرکاری تعلیمی ادارے، اصلاحات شدہ صحت کے نظام اور غریبوں کیلئے صحت کارڈ کے اجراء سے بھی کافی معاونت ملی۔دوردراز علاقوں میں قائم کئے گئے چھوٹے پن بجلی گھروں سے عوام کو صاف اور سستی توانائی میسر آئی۔ان پن بجلی گھروں اور بلین ٹری منصوبے سے بھی عوام پر روزگار کے دروازے کھلے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ سیاست سے پاک پیشہ ور پولیس کے باعث تحفظ کا احساس پیدا ہوا اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوئی۔مختصراً عوامی بہبود کی بنیاد پر صدق دل سے اٹھائے گئے اقدامات کو رب العزت نے بار آور کیا۔عوامی بہبود کیلئے ہماری مجموعی منصوبہ بندی کامیاب رہی اور ہم صوبے سے غربت مٹانے میں کامیاب رہے۔