اسلام آباد(ویب ڈیسک) عوامی مرکزمیں لگی آگ پر قابو پالیا گیا تاہم آتشزدگی کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
اسلام آباد میں شاہراہ دستورپرواقع عوامی مرکزمیں صبح 7 بج کر30 منٹ پر شارٹ سرکٹ کے باعث ایئرکنڈیشن پلانٹ میں آگ لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کولپیٹ میں لے لیا۔ فائربریگیڈ کا عملہ فوری طورپرجائے وقوعہ پہنچا جہاں ڈھائی گھنٹے کے مسلسل ریسکیوآپریشن کے بعدعمارت میں لگی آگ پرقابوپالیا گیا تھا تاہم تیزہوا کے باعث عمارت کو ایک بار پھر آگ نے لپیٹ میں لے لیا۔
دوسری جانب عوامی مرکزکی عمارت میں رات کی ڈیوٹی پرموجود 2 ملازمین علی رضا اورعمرنے آگ لگنے کے باعث عمارت سے چھلانگ لگا دی، دونوں افراد کوزخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دونوں ملازمین جاں بحق ہوگئے، پولیس کے مطابق امدادی کارکنوں نے عوامی مرکزسے 12 افراد بحفاظت باہرنکالا۔
