پشاور(خصوصی رپورٹ)خیبرپختونخوا میں ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ بدستور جاری ہے اور354مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں،اب تک مرض سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد 6400تک پہنچ گئی تاہم آدھے سے زائد مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد ڈسچارج کیاگیاہے،ڈینگی رسپانس یونٹ (ڈی آریو) سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ڈینگی کے 2052مشتبہ مریضوں کاخیبرٹیچنگ ہسپتال سمیت صوبے کے دیگر مختلف ہسپتالوں میں معائنہ و ٹیسٹ کے بعد 354افراد میں مرض کی تشخیص کی گئی ،115مزید افراد کو داخل کردیا گیا جبکہ196کو صحت یابی کے بعد ہسپتالوں سے ڈسچارج کردیا گیا،ہسپتالوں میں اس وقت کل داخل مریضوں کی تعداد 413ہو گئی ہے۔واضح رہے کہ ڈینگی بخار سے اب تک 18افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔