تازہ تر ین

سراج الحق کا برما بارے بیان ،حکومت سے اہم مطالبہ کردیا

کر اچی(آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان روہنگیا کے مسلمانوں پر مظالم کے حوالے سے بزدلانہ اور مجرمانہ رویہ ترک کرے ، برما کے سفیر کو ملک بدر کر کے برما سے سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں ،مسلم حکمران اور مسلم ممالک کی اسلامی فوج کیا کررہی ہے ،برما میں مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم اور ان کی نسل کشی کے خلاف مسلم حکمران اور اسلامی ممالک کی فوج خاموش کیوں ہیں ،جب تک روہنگیا کے مسلمانوں پر مظالم کا سلسلہ بند نہیں کیا جائے گا اور حکومت پاکستان عالمی سطح پر اپنا کردار ادا نہیں کرے گی ہم قومی سطح پر احتجاجی تحریک جاری رکھیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے تحت ایم اے جناح روڈ پر ” سپورٹ روہنگیا مارچ“کے لاکھوں مرد وخواتین سے لاہور سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مارچ کا انعقاد روہنگیا مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اور بدھسٹ حکمرانوں اور برما کی افواج کے انسانیت کے مظالم پر بڑی طاقتوں ، اقوام متحدہ ، انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور مسلم حکمرانوں کی خاموشی کے خلاف کیا گیا۔مارچ سے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی جنرل سکریٹری لیاقت بلو چ،نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو ،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،الخدمت فاو¿نڈیشن کے صدر عبد الشکور ،نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹراسامہ رضی ، جمعیت علمائے اسلام کے رہنما اسلم غوری ،کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر نعیم قریشی ایڈوکیٹ ،مسلم لیگ (ن)کے صوبائی سکریٹری جنرل خواجہ طارق ،مسلم لیگ (ق)کے صوبائی سکریٹری جنرل و سابق نائب سٹی ناظم طارق حسین ،گوردواراہ آرام باغ کے سردارہیرا سنگھ ،پاسٹر شہزاد بخش ،برما کمیونٹی کے نمائندے نور حسین اراکانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔مارچ کے لاکھوں شرکاءنے متفقہ طور پر ایک قراردادا بھی منظور کی ۔سینیٹر سراج الحق نے مارچ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں اہل کراچی کو عظیم الشان مارچ پر خراج تحسین اور سلام پیش کرتا ہوں کراچی کے عوام نے فلسطین ، کشمیر ، افغانستان ، شیشان ہر جگہ کے مسلمانوں کو سپورٹ کیا ہے اور اپنا کردار ادا کیا ہے ۔ آج آپ نے روہنگیا کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرکے ثابت کردیا ہے کہ کراچی ہمیشہ کی طرح زندہ اور بیدار ہے ۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق آج دنیا کی سب سے مظلوم ترین قوم روہنگیا کے مسلمان ہیں ۔ افسوس کہ عالم اسلام کے حکمران خاموش ہیں ۔ اسلامی ممالک کی فوج بھی کچھ نہیں کررہی ۔اسلامی ممالک کی فوج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بنائی گئی ہے کیا برما کے مسلمانوں پر مظالم دہشت گردی نہیں ہے؟ ۔حکومت نے ہم برما کے سفارتخانے پر احتجاج کرنے سے روکا ۔ ہم نے ان سے کہا کہ آپ امریکہ اور بھارت سے کیوں ڈرتے ہیں ۔ ہمارے حکمران اندھے اور بہرے بن گئے ہیں ۔جب ترکی کے صدر طیب اردگان کی اہلیہ بنگلہ دیش میں برما کے مہاجرین سے مل سکتے ہیں تو ہمارے حکمران کچھ کیوں نہیں کرسکتے ۔سراج الحق نے مطالبہ کیا ہے کہ برما کے سفیر کو ملک سے نکالا جائے اس کے سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں ۔ اقوام متحدہ کے سامنے جاکر ڈیرہ ڈال دیاجائے اقوام متحدہ کے چارٹر کے چیپٹر 7کے مطابق ان کی ذمہ داری ہے کہ اقوام متحدہ برما میں اپنا کردار ادا کرے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی جنرل سکریٹری لیاقت بلو چ نے کہا کہ کراچی کے لاکھوں مرد وخواتین کا آج سڑکوں پر نکلنا بہت بڑی کامیابی ہے اور کراچی نے زندہ اور بیدار ہونے کا ثبوت دیا ہے ۔ آج اہل کراچی نے امت مسلمہ کے ایک جسد واحد ہونے کا بھی ثبوت دیا ہے لیکن افسوس کہ انسانی حقوق کے علمبردار اور موم بتی مافیا خاموش ہے ۔انہوں نے کہا کہ نوبل انعام یافتہ سوچی کے طرز عمل نے انسانیت کو بھی شرمندہ کردیا ہے ۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ نوبل انعام کے چارٹر کی خلاف ورزی کرنے پر یہ انعام واپس بھی لیا جائے اور آن سان سوچی سے یہ کام شروع کیا جائے ۔انہوںنے کہا کہ حکومت پاکستان نے برما کے سفیر کو بلا کر جو احتجاج کیا ہے یہ معمول کی کاروائی ہے ۔ برما سے سفارتی تعلقات ختم کر کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا جائے ، اسلامی ممالک کی تنظیم کا اجلاس بلایا جائے اور برما کے مسلمانوں کے مظالم پر آواز بلند کی جائے ۔ اتحاد امت ہی آج امت کے مسائل کا حل ہے ۔ ترکی کے موقف کی حمائت اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔پاکستان ، ترکی ، ملائیشیا اور انڈونیشیا مل جائیں تو حالات میں تبدیلی لائی جاسکتی ہے ۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ آج لاہور سے شروع ہونے والا11ستمبر کا احتساب مارچ کرپٹ مافیا کے احتساب کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا ، کرپشن کے محل کھڑہا کرپٹ حکمرانوں چوروں اور لٹیروں کا پیچھا کرتے رہے ہیں۔ نوازشریف توبہ کرکے لوٹی دولت قومی خزانے میں جمع کرا دیں تحریک احتساب آخری چور کے احتساب تک جاری رہے گی۔ اسلامی ممالک برمی سفیروں کو اپنے ممالک سے نکال کر سفارتی تعلقات ختم کردیں ۔روہنگیا مسلمانوں کے خلاف تشدد روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں ۔ملک میں کوئی مقدس گائے نہیں سب کا احتساب ضروری ہے۔ ملک میں موجودہ بحران حکمرانوں کی وجہ ہے وہ کسی اور کو مورد الزام نہ ٹھہرائیں بڑے ادارے تباہی کے دھانے پر ہیں، حکمرانوں نے قبلہ درست نہ کیا تو مزید بحران پیدا ہوں گے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain