لاہور (خصوصی رپورٹ)قومی اسمبلی کے حلقہ 120 کے 17ستمبر بروز اتوار کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں 43ہزار ووٹروں کی نادرا سے تصدیق نہیں ہوسکے گی جس کے باعث مذکورہ انتخاب پر سوالیہ نشان برقرار رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق 29 ہزار 253افراد 21 پولنگ سٹیشنوں پر بائیو مٹیرک حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ان افراد میں 13ہزار کے قریب سینئر سٹیزن ہیں جن کے انگوٹھے کے نشانات زیادہ عمر ہونے کی وجہ سے میچ نہیں کرپائیں گے جبکہ 30ہزار ووٹروں کی تصدیق کرنے سے نادرا حکام ریکارڈ نہ ہونے کی وجہ سے پہلے ہی انکار کرچکے ہیں۔ ان افراد کے حق رائے دہی کا مستقبل کیا ہوگا الیکشن کمیشن تاحال اس کا کوئی فیصلہ نہیں کرسکا۔ ذرائع کے مطابق موجودہ الیکشن کمیشن قوانین کے تحت بائیومیٹرک مشینوں کے استعمال کی اجازت نہیں کیونکہ الیکشن کمیشن ایکٹ 2017ءقومی اسمبلی سے منظور تو ہوچکا ہے مگر ابھی تک سینٹ نے اسے منظور نہیں کیا۔بتایاگیا ہے کہ 17ستمبر بروز اتوار کو ہونے والے قومی اسمبلی کے حلقہ 120 کے ضمنی انتخاب میں 220 پولنگ سٹیشن اور 520 پولنگ بوتھ بنائے جائیں گے جس میں 21 پولنگ سٹیشنوں پر 29ہزار 253 افراد اپنا حق رائے دہی بائیومیٹرک مشینوں کے ذریعے استعمال کریں گے۔ دوسری طرف حلقے کے 3لاکھ 21ہزار 7سو 86 ووٹرز میں سے 30ہزار ووٹروں کی تصدیق نہ ہونے کے بارے میں پہلے ہی نادرا حکام الیکشن کمیشن کو آگاہ کرچکے ہیں۔