بہاولپور (بیورو رپورٹ) چیف ایگزیکٹو ”خبریں“ میڈیا گروپ ضیا شاہد و کرنل (ر) محمد مکرم خان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات محمد علی درانی و مخدوم ناصر بخاری کی بہاولپور میں سی پی این ای کے اجلاس میں آمد ‘ سی پی این ای کے اجلاس میں سی پی این ای اراکین سے ملاقات ‘صحافت کے پیشہ کو درپیش مشکلات اور خطہ کی محرومیوں بارے تبادلہ خیال۔ اجلاس میں ”خبریں“ میڈیا گروپ کے اراکین کے علاوہ سی پی این ای اراکین احمد خان بلوچ ‘ہمایوں گلزار اور اکمل چوہان کی شرکت۔ سی پی این ای کے اجلاس میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے ضیا شاہد نے کہا کہ خطہ کی محرومیوں کو اجاگر کرنا صحافی برادری کا اولین فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہاول پور ڈویژن کو ہر دور میں نظر انداز کیا جاتا رہا ہے جس کی اصل وجہ مخلص لیڈر شپ کا فقدان ہے۔ انہوں نے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس خطہ میں صحافیوں کو ان گنت مسائل کا سامنا ہے لیکن عوامی مسائل کو اجاگر کرنا بھی ان ہی کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے اجلاس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ خطہ میں تعلیمی اداروں اور دیگر سہولیات عباسیہ خاندان کی مرہون منت ہیں جنہوں نے پاکستان کے قیام سے قبل خطے کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا لیکن بد قسمتی سے ذاتی مفادات علاقے کی ترقی کی راہ میں ہمیشہ رکاوٹ بنے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 70سال گزرنے کے باوجود بہاول پور ڈویژن میں کسی ضلع کا مزید اضافہ نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ خطہ میں پسماندگی کی وجہ سے یہاں سے بڑے اخبارات کا اجراءآج تک نہ ہو سکا ۔ انہوں نے کہا کہ خطے کے مسائل کے حل کے لیے صحافی برادری کو متحد ہو کر مسائل اجاگر کرنے ہوں گے اور ارباب اختیار کی توجہ مبذول کرانی ہو گی ۔ قبل ازیں چیف ایڈیٹر ”خبریں ‘ ‘ضیا شاہد کی بہاول پور آمد پر انہیں مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے خوش آمدید کہا جن میں ”خبریں“ ٹیم بہاول پور کے ساتھ ساتھ نوابزادی سائرہ عباسی ‘شعبہ تدریس سے وابستہ سدرہ ناز ‘محکمہ پولیس و دیگر معززین کی طرف سے پھول پیش کیے گئے۔
