لاہور ( کامرس رپورٹر )صوبائی دارلحکومت مےں سات روز گزر جانے کے باوجود بھی لاہوریوں کو پٹرول کی قلت کا سامنا، متعدد پٹرول پمپس بند، پمپ مالکان نے شہریوں کو سپر پٹرول کی بجائے ہائی اوکٹین پٹرول دینا شروع کر دیا۔شہر میں پٹرول کی قلت کی وجہ سے لوئر مال کے تین، اپر مال اور علامہ اقبال روڈ کا ایک، ایک فلنگ اسٹیشن بند ہوگیا۔تفصےلات کے مطابق شہر کے مختلف مقامات پر پٹرول پمپ کے بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو پٹرول کے حصول کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہری پٹرول کے لیے قطاروں میں لگ کر خوار ہوتے رہے۔شہر میں ایک بار بھر سے پٹرول کا بحران سر اٹھانے لگا۔ سیکرٹری جنرل پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن خواجہ عاطف کا کہنا تھا کہ لاہور میں پٹرول کی طلب 30 لاکھ لٹر جبکہ سپلائی صرف 15 لاکھ لٹر ہے۔ پمپ بند ہونے اور سپلائی بر وقت نہ پہنچنے کی وجہ سے پٹرول کی سپلائی آدھی رہ گئی ہے۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قلت پر جلد از جلد قابو پایا جائے تاکہ انہیں پٹرول کے حصول لے لیے خواری کا سامنا کرنا پڑے اور نہ ہی لمبی لمبی قطاروں میں لگنا پڑے۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول کی قلت پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہر کے تمام فلنگ سٹیشنز پر پٹرول کی سپلائی کو یقینی بنایا جاسکے
