لاہور(ویب ڈیسک) رمضان المبارک میں مہنگائی کی وجہ سے کراچی کے مکینوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے پھلوں کے بائیکاٹ کی اپیل کی تو صارفین نے اسے خوب سراہا اور ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے چند دنوں کیلئے پھلوں کا بائیکاٹ کیا اور قیمتیں کم ہوگئی تھیں، اس کے بعد موبائل فون کمپنیوں کا بھی بائیکاٹ کیاگیا جو شاید کامیاب نہ رہاتھا لیکن اب کی بار صارفین نے ٹماٹروں کی کے بائیکاٹ کی مہم شروع کردی جو ڈالر سے بھی کئی گنامہنگے ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق ٹماٹر کی قیمتیں مختلف شہروں میں 220روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہیں اور ماہرین کاخیال ہے کہ فی الفور بھارت سے ٹماٹر درآمد کرنے کے لیے اقدامات نہ کیے گئے تو یہ قیمت بڑھ کر تین سو روپے فی کلوگرام تک پہنچ سکتی ہے، ایسے میں سرخ سرخ ٹماٹر ڈھونڈنے والی عوام کے چہرے قیمت سنتے ہی لال ہونا شرو ع ہوگئے اورمہنگائی سے ستائے سوشل میڈیا صارفین نے ایک مرتبہ ٹماٹروں کا بائیکاٹ کرنے کی مہم شروع کردی تاکہ طلب کم ہونے سے ازخود ہی ٹماٹرخراب ہونے کے خدشے کی وجہ سے کاروباری حضرات قیمت کم کرنے پر مجبور ہوجائیں ، اس بائیکاٹ کے لیے سوشل میڈیا پر 26ستمبر سے یکم اکتوبر تک کے بائیکاٹ کی پوسٹس وائرل ہورہی ہیں تاہم ابتدائی طورپر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ مختلف علاقوں میں یہ الگ الگ بائیکاٹ ہوگا یا مجموعی طورپر 6دن بائیکاٹ جاری رہے گا۔ٹماٹروں کے بائیکاٹ کی مہم شروع ہوئی تو بعض صارفین کو شرارتیں بھی سوجھنا شروع ہوگئیں، کسی نے لکھاکہ اب تک سیاستدانوں کو بھی ٹماٹر مارنے کو جی نہیں چاہتا تو کسی نے لکھا کہ اب چاند نہیں بلکہ ٹماٹر چاہیں۔