بڑوں کی بیٹھک میں بڑا فیصلہ ہو گیا

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) سابق وزیرداخلہ چودھری نثار کو مسلم لیگ (ن) کا صدر بنائے جانے پر دو بڑوں میں اتفاق ہوا ہے اور اس ضمن میں جلد ہی اعلان متوقع ہے ۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ اس ضمن میں گزشتہ روز پنجاب ہاﺅس میں ایک اہم میٹنگ ہوئی جس میں سابق وزیراعظم نواز شیف سابق وزیرداخلہ چودھری نثار اور مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفرالحق بھی شامل تھے۔ اور ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اہم میٹنگ کے بعد ہی چودھری نثار سابق وزیراعظم نواز شریف کی پریس کانفرنس میں شمولیت پر رضامند بھی ہوئے اور پریس کانفرنس میں بھی انکے چہرے پر اطمینان اور باڈی لینگوئج بھی کافی تبدیل تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسری طرف الیکشن کمیشن نے بھی مسلم لیگ (ن) کو صدر منتخب کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے۔

ناجائزاثاثہ جات کیس؛ وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر نا جائز اثاثہ جات کیس میں فرد جرم عائد کردی گئی ہے تاہم انہوں نے صحت جرم سے انکار کردیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈاراحتساب عدالت میں پیش ہوئے جہاں نا جائز اثاثہ جات کیس میں فرد جرم عائد کردی گئی، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے الزامات پڑھ کر سنائے تاہم وزیر خزانہ نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کے الزام کو غلط قراردے دیا۔اسحاق ڈار کی عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے تاہم عدالت کے باہر رش کے باعث بد انتظامی بھی دیکھنے میں آئی اور صحافی، میڈیا نمائندگان اور وکلا کو پولیس نے عدالت کے باہر ہی روک لیا جب کہ بدنظمی کے باعث اسحاق ڈار پچھلے دروازے سے احتساب عدالت میں داخل ہوئے۔ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اوراسپیشل پراسیکیوٹر عمران شفیق کو بھی پولیس نے اندر جانے سے روک دیا تاہم تھوری دیر بعد انہیں اندر جانے کی اجازت دیدی گئی۔ناجائز اثاثہ جات کیس میں 2 روز قبل اسحاق ڈار کے وکیل نے 10 لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کراتے ہوئے عدالت سے جواب جمع کرانے کے لیے 7 روز کی مہلت طلب کی تھی جس پرعدالت نے ریفرنس کی مکمل نقل اسحاق ڈارکو فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزم پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 27 ستمبر کی تاریخ مقرر کردی تھی۔واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان پر 3 جب کہ اسحاق ڈار پر ایک ریفرنس دائر کیا ہے، گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف عدالت میں پیش ہوئے تھے اور عدالت نے ان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 2 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔

کلثوم نواز کی طبیعت بگڑ گئی ،ڈاکٹروں کا اہم بیان

اسلام آباد(مانیڑنگ ڈیسک) سابق وزیر اعظم نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی طبعیت پھر بگڑ گئی جس پر انہیں ایمرجنسی میں داخل کیا گیا۔بیگم کلثوم نواز کو ڈاکٹروں نے کینسر تشخیص کیا ہے اور ان کا علاج لندن میں جاری ہے جہاں ان کے بچے ان کی تیمارداری کے لیے موجود ہیں۔بیگم کلثوم نواز کی گزشتہ روز طبیعت بگڑ گئی تھی اور ان کی حالت زیادہ خراب ہونے پر انہیں لندن کے پرنس گریس اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروںنے انہیں ایمرجنسی میں منتقل کیا۔بیگم کلثوم نواز کو گھر سے ایمبولینس کے ذریعے اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹران کی حالت بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیںڈاکٹروں نے بیگم کلثوم نواز کی حالت بگڑنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ممکنہ طور پر آج بھی ایمرجنسی میں رکھا جاسکتا ہے۔بیگم کلثوم نواز کو مریم، حسن اور حسین نواز نے اسپتال منتقل کیا جب کہ میاں نوازشریف کو بھی ان کی طبعیت کے بارے میں آگاہ کردیا گیا ہےدوسری جانب ان کی صاحبزادی مریم نواز نے بھی ٹوئٹر کے ذریعے اپنی والدہ کی طبیعت بگڑنے کی تصدیق کی انہوں نے اپنی والدہ کے لیے دعا کی بھی اپیل کی۔دریں اثنا سابق وزیر اعظم نواز شریف لندن میں زیر علاج اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی تیمار داری کیلئے کل لندن روانہ ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف اپنی اہلیہ کی تیمارداری کیلئے کل لندن روانہ ہوں گے۔ نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز لندن میں زیر علاج ہیں۔واضح رہے کہ کلثوم نواز گلے کے کینسر میں مبتلا ہیں اور لندن کے نجی اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ سابق وزیراعظم پہلے سے اپنی اہلیہ کی تیمارداری کیلئے لندن میں موجود تھے اور نیب کی پیشی کیلئے وطن واپس آئے تھے۔

شاہ رخ خان ،انوشکا اور کترینہ کیف ایک ساتھ کاسٹ

ممبئی (شوبز ڈیسک)پانچ سال قبل 2012 میں ریلیز ہونے والی بولی وڈ فلم جب تک ہے جاں میں ایک ساتھ جلوہ گر ہونے والے شاہ رخ خان، انوشکا شرما اور کترینہ کیف ایک بار پھر آنے والی فلم میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔آنند ایل رائے کی ہدایت کردہ اس فلم کا نام تاحال فائنل نہیں کیا گیا، لیکن اس کی شوٹنگ جاری ہے۔ ووگ وومن آف دی ایئر ایوارڈ تقریب میں گفتگو کے دوران بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان نے بتایا کہ جلد ہی انوشکا شرما فلم کی شوٹنگ کا حصہ بننے والی ہیں۔رومانس کے بادشاہ کا کہنا تھا کہ انوشکا شرما کے شوٹنگ جوائن کرنے کے اگلے ہی دن کترینہ کیف بھی شوٹنگ ٹیم کو جوائن کرلیں گی۔شاہ رخ خان نے فلم کا نام تو نہیں بتایا، البتہ ان کا کہنا تھا کہ فلم کی شوٹنگ مختلف مقامات پر ہوگی۔خیال رہے کہ اس فلم میں شاہ رخ خان ایک بونے آدمی کے روپ میں نظر آئیں گے، جب کہ انوشکا شرما دماغی بیماری میں مبتلا خاتون کے کردار میں نظر آئیں گی۔کترینہ کیف کے کردار کے حوالے سے ابھی کچھ واضح نہیں ہے، تاہم اس فلم کو آئندہ برس دسمبر میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

نواز شریف کا نام کیوں نہیں لیتے جو ان کے خلا ف سازش کر رہے ہیں

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماءسینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نواز شریف بڑا دلچسپ کھیل کھیل رہے ہیں، نواز شریف ہوا میں مکے چلا کر یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ مجھے مارا جارہا ہے۔ جو عناصر نواز شریف کے خلاف کے خلاف سازش کررہے ہیں ان کے نام کیوں نہیں لیتے۔ منگل کے روز نواز شریف کی پریس کانفرنس کے ردعمل دیتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنماءسینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نواز شریف نے 90 ءکے الیکشن میں پیسے لے کر دھاندلی کرائی۔ ماضی میں بے نظیر بھٹو کو سزا، جائیداد ضبطی کا حکم سپریم کورٹ نے نواز شریف کے دباﺅ میں آکر دیا چونکہ نواز شریف نے ہی سپریم کورٹ پر حملہ کرایا تھا ۔ سپریم کورٹ پر حملے کے الزام میں مسلم لیگ (ن) کے تین ایم پی ایز کو سزائیں بھی مل چکی ہیں۔ ہر بار نواز شریف سے متعلق عدالتوں کا رویہ نرم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی کے سابق چیئرمین ظفر حجازی سے ریکارڈ میں ٹمپرنگ نواز شریف کی ہدایت پر ہی کی ہے۔ ظفر حجازی کے کیس کا حکم آیا تو نواز شریف کو کچھ نہیں کہا گیا ۔ ظفر حجازی کے کیس میں نواز شریف کو بھی شامل تفتیش کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت مسلم لیگ ن کی ہی ہے اور تمام ادارے بھی ان کے ماتحت ہیں۔ پھر بھی مسلم لی گن والے حکومت میں رہتے ہوئے بھی اپوزیشن کا کردار ادا کررہے ہیں نواز شریف ہوا میں مکے چلا رہے ہیں۔ دیکھیں مجھے مارا جارہا ہے نواز شریف ان عناصر کو بے نقاب کریں جو ان کے خلاف سازشیوں میں ملوث ہیں۔سینٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ عدالت میں اسلحہ کسی صورت نہیں لایا جا سکتا، نوازشریف کو پروٹوکول کا عدالت میں اسلحہ لانا ایک خطرناک عمل ہے۔ نوازشریف بڑی چالاکی سے کھیل رہے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لیگی رہنما یہ تاثر دے رہے ہیں کہ نواز شریف بینظیر بھٹو شہید سے زیادہ بہادر ہیں اور مضحکہ خیز باتیں کر رہے ہیں۔ نوازشریف کو دیا جانے والا پروٹوکول غیر قانونی ہے، وزیراعظم آفس کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ عدالتیں نوازشریف کے ساتھ نرمی برت رہی ہیں۔ نیب یا کسی ماتحت عدالت کو ضمانت دینے کا قطعی اختیار حاصل نہیں ہوتا یہ اختیار صرف ہائیکورٹ کا ہے تاہم نوازشریف کیس میں نیب عدالت سے اختیار استعمال کر رہی ہے یہ بھی شریف خاندان کو ایک رعائت دی جا رہی ہے۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ احتساب عدالت کے جج اپنے اختیارات استعمال کریں اور حکم جاری کریں کہ صرف پاس جاری ہونے والے افراد کو اندر آنے کی اجازت ہو گی، لیگیوں اور اسلحہ کو عدالت میں آنے سے روکیں۔ ایم کیو ایک پاکستان نے ہمیں سینٹ میں یقین دہانی کرائی کہ ہمارے حق میں ووٹ دیں گے پھر ان کے 8 سنیٹر غائب ہو گئے۔ نظر یہی آتا ہے کہ متحدہ نے ہارس ٹریڈنگ کی، اب فاروق ستار بلاوجہ چلا چلا کر بیان دے رہے ہیں۔ حکومت کے پاس گنتی پوری نہیں ہو رہی تھی یہ لگتا ہے کہ کہیں سے ہدایت آئی اور میاں عتیق نے آ کر ان کے حق میں ووٹ دیدیا۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ انٹیلی جنس بیورو بارے جس طرح کی رپورٹیں آ رہی ہیں اس کے بعد اس ادارے پر میرا اعتماد نہیں رہا۔ ومیراعظم اور وزرا کے پاس اقامے ہونا شرمناک ہے اس پر صرف یہی کہہ سکتا ہوں کہ کچھ حیا کرو کچھ شرم کرو۔

غیر معیاری گانے پنجابی زبان کی توہین کے مترادف ہے

لاہور(شوبز ڈیسک) فوک اور بھنگڑ سٹار گلوکار ملکو نے کہا ہے کہ غیر معیاری پنجابی گانے پنجابی زبان کی توہین کے مترادف ہے ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پنجابی کلچر ماں بہن اور بیوی کے احترام کا درس دیتا ہے مگر بے شمار نئے گلوکاروں نے اپنے گانوں میں غیر مہذب الفاظ کوشامل کرتے ہوئے خود کو گلوکار کہلوانے کی ناکام کوشش کی ہے جو قابل مذمت ہے ۔ ملکو نے کہا کہ ہمسایہ ملک کے فوک گلوکاروں کے گانوں میں گستاخی اوربے حیائی کی کھلم کھلا تعلیم دی جارہی ہے جونوجوان نسل کیلئے زہر قاتل ہے ، ہمیں ایسے غیر مہذب گانوں اور گلوکاروں کا بائیکاٹ کرنا ہوگا تاکہ نوجوان نسل کو اپنی تہذیب و ثقافت سے متعارف کروایا جاسکے ۔

نواز شریف اداروں اور عدلیہ سے جوڈو کراٹے کے موڈ میں ہیں

اسلام آباد(آئی این پی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف اداروںاور عدلیہ سے جوڈو کراٹے کرنے کے موڈ میں ہیں،سیاستدان وہ ہی بڑاہے جو اپنا کیس قانون کے دائرے کے اندر لڑتا ہے،مسلم لیگ ن حکومت میں بھی ہے ،عدالتوں میں بھی ہے، نواز شریف عدالت میں اس طرح آرہے ہیں جیسے جج کو اٹھانے کیلئے آرہے ہیں،نہوں نے واپس ملک میں آکر احسان نہیں کیا،اگر نہ آتے تو تین سال کے لیے اندر جاتے،س ملک کی بدنصیبی ہے کہ ادارے سیاستدانوں کیلئے کام کررہے ہیں،جس جس نے قانون کے آگے سر جھکایا اس نے عزت پائی ہے اور جس نے قانون سے ٹکر لی وہ زلیل اور رسوا ہوا ہے،عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے اور ان کے فیصلوں پر سرتسلیم خم کرنا چاہیے۔ شیخ رشید نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن حکومت میں بھی ہے ،عدالتوں میں بھی ہے اور سڑکوں پر بھی ہے،ایک ملزم جو ہے وہ وزیراعظم کی گاڑیوںکے سکواڈ کو استعمال کررہا ہے۔ انہوں نے عدالت کے اندر صحافیوں پر تشدد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہوں نے اپنے مال سے جائیدادیں بنائی ہیں تو ثبوت دیدیں ،ان کی ضد اور اکڑ ان کو یہاں تک لے آئی ہے اور بہت آگے لے جائے گی۔ان کے سیاسی تابوت نکلیں گے، یہ پہلے جیل میں گئے تھے اور معافی لکھے تھے دس دس سال کیلئے ،جیل ہم جیسے ورکر کاٹتے ہیں ان جیسے شہزادے اور بادشاہ نہیں کاٹتے۔اللہ ان کو ہدایت دے یہ جوڈوکراٹے کے موڈ میں ہیں، اگر یہ اداروں کو عدلیہ سے جوڈوکراٹے کریں گے پھر بینکاک کے شعلے بھی ان کو نظر آئیں گے۔ان کے ورکز میں سے چالیس سے زیادہ لوگ مشرف لیگ سے آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ بزنس میں سیاستدان ہیں اپنا نفع اور نقصان سمجھتے ہیں،نواز شریف غلط کھیل رہے ہیں اس ملک کی بدنصیبی ہے کہ ادارے سیاستدانوں کیلئے کام کررہے ہیں۔داعش کے جھنڈے اسلام آباد میں لگنے پر آئی بی کے چیئرمین کو نوٹس دینا چاہیے۔ عمران خان کو بھی نااہلی کے بعد جو ریلی نکالی اس میں پنجاب پولیس، گلگت بلتستان کی پولیس، تمام اضلاع کے وی سی، ڈی سی او، سی پی او، وزراءاور کمشنران ان کے ساتھ تھے جو ہر جگہ پر ان کا استقبال کرتے تھے۔ مگر پھر بھی یہ ریلی ناکام ہوئی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئی بی کا سربراہ چار دن لندن میں نوازشریف سے ملاقاتیں کررہا تھا یہ کونسا قانون ہے نوازشریف نے تمام اداروں کو تباہ کردیا ہے جیسے مویشی جہاں چارہ دیکھتا ہے ادھر جاتا ہے ویسا ہی حال ہمارے اداروں کا ہے جو جہاں مال ملتا ہے ادھر چلا جاتا ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ 2018سے پہلے نواز شریف کی سیاست کا اس ملک سے خاتمہ ہو جائے گا، نواز شریف وہ ہیں جو جے آئی ٹی بننے پر مٹھائیاں بانٹ رہے تھے، اگر ان کو اتنا یقین ہے تو 2018کیوں ابھی مقابلہ کریں، میدان بھی حاضر ہے اور گھوڑا بھی موجود ہے، عظیم عدلیہ نے چووں کو آج کٹہرے میں لا کر کھڑا کر دیا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو جے آئی ٹی بننے پر مٹھائیاں بانٹ رہے تھے، یہ وہ ہیں جنہیں نظریہ ضرورت کے ججز چاہئیں، یہ لوگ عدالت کو دھونس سے مرعوب کرنا چاہتے تھے، عظیم عدلیہ نے چوروں کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہے، نواز شریف صحافیوں کا جواب دیئے بنا ہی چلے گئے ورنہ صحافی ان سے پوچھتے کہ جناب آپ نے کیا ٹوپی ڈرامہ رچایا ہوا ہے، ایک حلقے کو سمجھتے ہیں کہ سارے ملک کا فیصلہ ہے، اگر ان کا اتنا ایمان ہے تو 2018میں کیوں جاتے ہیں، ابھی مقابلہ کریں، میدان بھی حاضر ہے اور گھوڑا بھی موجود ہے، 2018سے پہلے نواز شریف کی سیاست کا اس ملک سے خاتمہ ہو گا، پاکستان ترقی کرے گا، انہوں نے تو لوٹ لوٹ کر تباہ کر دیا ہے، لگنے دیں ان کے کیسز عوام کو پتہ چلے گا کہ یہ پانامہ تھا یا اقامہ تھا۔

امیتابھ بچن، رشی کپور،دپیکا کا مقابلہ کرنے سے کترانے لگے

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی وڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن اور رشی کپور کی فلم 102 ناٹ آٹ کی نمائش فلم پدماوتی سے باکس آفس پر مقابلے کے خوف سے آگے بڑھا دی گئی۔معروف ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم پدماوتی ان فلموں میں شامل ہے جن کا فلم بین شدت سے انتظار کررہے ہیں۔فلم پدماوتی میں رنویر سنگھ ، شاہد کپور اور دپیکا پڈوکون مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔فلم میں دپیکا اور شاہد کپور کی پہلی جھلک بھی منظر عام پر آچکی ہے جس کے ساتھ ساتھ فلم کی نمائش کی تاریخ 17 نومبر سے بڑھا کر یکم دسمبر کردی ہے۔فلم کی نمائش کی تاریخ آگے بڑھانے پر امیتابھ بچن اور رشی کپور کی فلم 102 ناٹ آٹ سے باکس آفس پر مقابلے کی توقع کی جارہی تھی لیکن اب فلم 102 ناٹ آٹ پروڈیوسرز پدماوتی سے ٹکر لینے سے گریزاں ہیں۔فلم کے ہدایت کار امیش شکلا نے نمائش کی تاریخ آگے بڑھانے کا اعلان کیا ہے لیکن دوسری تاریخ تاحال نہیں دی ہے۔جب کہ ان کا کہنا ہے کہ ہم 2 ماہ قبل ہی اپنی فلم کی نمائش کی تاریخ کا اعلان کرچکے تھے تاہم پدماوتی کی ریلیز کے اعلان کے بعد ایک ہی تاریخ پر دونوں فلموں کی نمائش نہیں ہوسکتی ہے اور جلد ہی نئی تاریخ کا اعلان کردیا جائے گا۔یاد رہے کہ امیتابھ بچن اور رشی کپور 26 سال بعد ایک ساتھ فلم میں کام کررہے ہیں جس میں بگ بی نے والد اور رشی کپور نے بیٹے کا کردار کیا ہے۔

عامر خان کی فلم ” سیکریٹ سپر سٹار“کا گانا ” آئی مس یو“ ریلیز

ممبئی (شوبز ڈیسک) عامر خان کی آنے والی نئی فلم سیکریٹ سپر اسٹار کے چوتھے گانے آئی مس یو کو ریلیز کردیا گیا۔آئی مس یو کے ذریعے فلم کے ایک نئے کردار کو متعارف کرایا گیا ہے، جو فلم کے مرکزی کردار کا کلاس فیلو اور دوست ہے۔عامر خان کی فلم دنگل سے فلم ڈیبیو کرنے والی زارا وسیم سیکریٹ سپر اسٹار میں مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔زارا وسیم ایک مسلم خاندان کی ایسی لڑکی کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، جسے گلوکارہ بننے کا شوق ہوتا ہے، مگر والد کی سختیوں کی وجہ سے اسے اپنا خواب پورا کرنے میں مشکلات درپیش آتی ہیں۔گرچہ اس کے خواب کو تکمیل تک پہنچانے کے لیے والدہ بھی اس کا ساتھ دیتی ہیں، تاہم اسے اپنی منزل تک پہنچنے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔فلم کے ریلیز کیے گئے چوتھے گانے میں فلم کے نئے کردار کو متعارف کرایا گیا ہے، جو زارا وسیم کا کلاس فیلو ہونے سمیت اسے اس کے خواب کی تکمیل میں مدد فراہم کرتا ہے۔زارا وسیم کے کلاس فیلو کا کردار کم عمر لڑکے ترتھ شرما نے نبھایا ہے، جو سیکریٹ سپر اسٹار سے فلم ڈیبیو کرنے جا رہے ہیں۔۔#/s#

بالی وڈ کی مشہور فلم باہو بلی آسکر کیلئے نامزد نہ ہوسکی

ممبئی (شوبز ڈیسک)بھارت کی جانب سے فلمی دنیا کے سب سے اعلی اعزاز آسکر ایوارڈ کے لیے ہندوستانی سینما کی سب سے ذیادہ کمانے والی دوسری بڑی فلم کو نامزد نہ کیے جانے پر باہو بلی ڈائریکٹر نے خاموشی توڑ دی۔خیال رہے کہ باہو بلی نے 1500 کروڑ بھارتی روپے کماکر ہندوستان کی سب سے ذیادہ کمائی کرنے والی فلم کا اعزاز اپنے نام کیا تھا، تاہم بولی وڈ فلم دنگل ان سے کمائی میں زیادہ ہے، عامر خان کی فلم نے دنیا بھر سے 2 ہزار کروڑ روپے بٹورے ہیں۔باہو بلی کی ٹیم اور شائقین کو امید تھی کہ اگر فلم آسکر ایوارڈ جیتنے میں کامیاب نہ بھی ہوئی تو اسے بھارت کی جانب سے کم سے کم آسکر کے لیے منتخب ضرور کیا جائے گا۔تاہم انڈیا نے باہو بلی کے بجائے رواں ماہ 22 ستمبر کو ریلیز ہونے والی فلم نیو ٹن کو آسکر کے لیے منتخب کیا، جس پر باہو بلی شائقین میں مایوسی پھیل گئی۔ ایس ایس راجا مالی کو اس بات پر کوئی افسوس نہیں کہ ان کی فلم کو آسکر کے لیے منتخب کیوں نہیں کیا گیا۔ ایس ایس راجا مالی کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد سونے کا تمغہ حاصل کرنا نہیں تھا، انہوں نے جب فلم بنائی تو انہوں نے ایوارڈز سے متعلق کچھ بھی نہیں سوچا تھا۔باہو بلی کو آسکر کے لیے منتخب نہ کیے جانے پر مایوسی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے نفی میں جواب دیتے ہوئے کہاِ انہیں کوئی مایوسی نہیں ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی جانب سے فلم بنانے کا مقصد خود کو مطمئن کرنا، اور ذیادہ سے ذیادہ لوگوں تک فلم کو پہنچانا اور اس کے ذریعے ڈھیر سارے پیسے کمانا تھا۔