لاہور (خصوصی رپورٹ) چین کے بینک نے صاف پانی منصوبوں کیلئے 47ارب کا قرض دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ وزیراعلیٰ کی دعوت پر لاہور آنے والے چینی وفد نے صوبائی محکمہ ترقیاتی بورڈ اور اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔ چینی وفد کو مختلف پراجیکٹس پر قرضے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس پر ایشین انفراسٹرکچر بینک نے رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے مختلف منصوبوں کیلئے آسان شرائط پر قرضہ دینے کیلئے گرین سگنل دے دیا ہے۔ محکمہ ہاﺅسنگ کے حکام کے مطابق چینی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک پنجاب حکومت کو لاہور میں تین ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور ایک سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کیلئے 47ارب روپے کا قرض دے گا۔ محکمہ ہاﺅسنگ حکام کے مطابق بی آر بی کینال پر 250یو ایس ملین ڈالر سے سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگایا جائے گا جس میں جرمنی کے بعد چین بھی قرضہ دینے کیلئے رضامند ہو گیا ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ شادباغ‘ محمودبوٹی اور شاہدرہ میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس پر 186ملین یو ایس ڈالر خرچ ہوں گے۔
