نواز شریف سے لندن میں پاکستان کیلئے نئے بھارتی ہائی کمشنر سے طویل ملاقات

لندن (وجاہت علی خان سے) سابق وزیر اعظم نواز شریف سے پولینڈ میں بھارتی سفیر اجے بیساریہ نے لندن میں طویل ملاقات کی ہے۔ خبریں کو باوثوق ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ ملاقات بھارت کے سفارتی ذرائع کی خواہش پر ہوئی ہے۔ اجے بیساریہ اکتوبر میں پاکستان میں انہیں بھارتی ہائی کمشنر نامزد کیا گیا وہ اگلے ماہ اسلام آباد میں بھارتی سفیر گوتم بمبانوالہ کی جگہ لیں گے۔ ذرائع کے مطابق گوکہ نواز شریف پاکستان کے وزیر اعظم ہیں اور نہ ہی اپنی پارٹی کے صدر لیکن بین الاقوامی سفارتی ذرائع آج بھی انہیں حکمران جماعت کا قائد سمجھتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ایم کیو ایم لندن کے کنوینر ندیم نصرت اور دیگر متحدہ رہنماﺅں نے گزشتہ ہفتے میاں نواز شریف سے ملاقات کی تھی۔ بعض ذرائع کے مطابق اجے بیساریہ بھی اس ملاقات میں موجود تھے لیکن اس اطلاع کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ وہ متحدہ رہنماﺅں کی نواز شریف سے ملاقات میں موجود تھے۔ علاوہ ازیں اجے بیساریہ کے بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ سفارتکاری کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور سابق بھارتی وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے پانچ سات تک پرائیویٹ سیکرٹری بھی رہے ہیں چنانچہ پاک بھارت حالیہ تعلقات اور چین کے ساتھ بھارت کی سرحدی صورتحال کے تناظر میں انہیں پاکستان اور گوتم بمبانوالہ کو چین کا سفیر بنایا جا رہا ہے۔

شہباز شریف کو ”ن“ لیگ کاصدر بنانے پر اتفاق، نواز شریف نے کل لندن بُلا لیا

اسلام آباد (امتیاز احمد بٹ ) مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی مرکزی قیادت سے مشاورت ، شہباز شریف کو پارٹی صدر بنانے پر اتفاق ، کل 23 ستمبر بروز ہفتہ انہیں لندن بلا لیا ، ذرائع کے مطابق میاں محمد نواز شریف نے مرکزی قیادت اور قریبی ساتھیوں سے مشاورت کر کے شہباز شریف کو پارٹی صدر بنانے کا فیصلہ کر لیا اور انہیں معاملات سے آگاہ کرنے کے لیے کل برطانیہ طلب کر لیا ہے ۔ ن لیگی ذرائع کے مطابق پارٹی کو متحد رکھنے اور ٹوٹنے سے بچانے کے لیے مریم نواز کی بجائے شہباز شریف کو پارٹی صدارت سونپنے کے لیے اتفاق رائے پیدا کر لیا گیا ہے ۔ اطلاعات ہیں کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور پوٹھوہار بیلٹ اوربعض دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے ممبران اسمبلی نے مریم نواز کو صدر بنائے جانے کی صورت میں علیحدگی کا عندیہ دے رکھا تھا جس کے پیش نظر میاں نواز شریف نے قریبی ساتھیوں جن میں سعد رفیق سر فہرست ہیںسے مشاورت کی اور آئندہ پارٹی صدر کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوششیں کی ۔ مزید یہ کہ میاں محمد نواز شریف اپنی اہلیہ کلثوم نواز کی بیماری اور احتساب عدالتوں میں دائر ریفرنسز کے باعث کچھ ماہ برطانیہ میں ہی قیام کریں گے ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ، عائشہ گلالئی کی نااہلی کی درخواست مسترد

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کی نااہلی کیلئے دائر درخواست مسترد کردی۔ا سلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس عامرفاروق نے عائشہ گلالئی کو نااہل قرار دینے کے کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے پٹیشن ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔ ایڈوکیٹ کلثوم خالق نے عائشہ گلالئی کو نا اہل قرار دینے کے حوالے سے درخواست دائر کی تھی۔

ملکہ ترنم کی 91ویں سالگرہ پر گوگل کا شاندار خراج عقیدت

اسلام آباد (شوبز ڈیسک)دنیا کے معروف ترین سرچ انجن گوگل نے ملکہ ترنم میڈم نور جہاں کی 91ویں سالگرہ پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنا آج کا ڈوڈل ان سے منسوب کردیا۔پاکستانی صارفین کے لیے جاری کیے جانے والے اس ڈوڈل میں نور جہاں کو ان کے مخصوص روایتی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ملکہ ترنم اور میڈم نور جہاں کے نام سے پہچانی جانے والی اس عظیم گلوکارہ کا اصل نام اللہ رکھی وسائی تھا۔21 ستمبر 1926 کو قصور میں پیدا ہونے والی اللہ رکھی وسائی پانچ سال کی عمر میں ہی اسٹیج پر گیت گا کر سب کی توجہ کا مرکز بن گئی تھیں، موسیقی کی ابتدائی تعلیم انہوں نے اس دور کی مشہور گلوکارہ کجن بیگم سے حاصل کی، بعد ازاں وہ استاد بڑے غلام علی خان سے بھی باقاعدگی سے گانا گانا سیکھتی رہیں۔اپنے کریئر کی شروعات میں نور جہاں، آغا حشر کاشمیری کی بیگم گلوکارہ مختار بیگم سے بہت متاثر تھیں۔، نور جہاں کے ہنر کو دیکھتے ہوئے مختار بیگم نے انہیں اور ان کی بہنوں کو اپنے ڈرامہ نگار شوہر آغا حشر کاشمیری کے تھیٹر میں بھی کام دلوایا۔نور جہاں بیک وقت گلوکارہ بھی تھیں اور صفِ اول کی اداکارہ بھی۔ ان کی تمام پنجابی فلمیں کلکتہ میں تیار کی گئی تھیں جبکہ 1938 میں وہ لاہور منتقل ہو گئیں۔ 1931 میں انہوں نے 11 خاموش فلموں میں بھی کام کیا۔انہوں نے اردو کے علاوہ ہندی، پنجابی اور سندھی زبان میں بھی گلوکاری کی اور 10 ہزار کے قریب گانے ریکارڈ کروائے۔جب نور جہاں نے فیض صاحب کی مشہور غزل ‘مجھ سے پہلی سی محبت میرے محبوب نہ مانگ’ گائی تو ہر طرف بس اس غزل کے ہی چرچے ہونے لگے۔ان کے زبان زد عام گانے ‘سانوں نہر والے پل تے بلا کے’، ‘آواز دے کہاں ہے’، ‘چاندنی راتیں’، اے پتر ہٹاں تے نئیں وکدے’، اور ‘اے وطن کے سجیلے جوانو!’ کئی دہائیاں گزر جانے کے باوجود بھی تازہ اور موجودہ دور سے ہم آہنگ محسوس ہوتے ہیں۔ملکہ ترنم نور جہاں کو 1965 میں تمغہ حسنِ کارکردگی سے نوازا گیا اور کئی دیگر اعزازات بھی ان کے حصے میں آئے۔سریلی آواز اور خداداد صلاحیتوں کی مالک ملکہ ترنم دل کے عارضے میں مبتلا ہو کر 23 دسمبر 2000 کو اس دارِ فانی سے کوچ کر گئیں لیکن ان کے مشہور گانے کے بول کی طرح دنیا آج بھی ان کے گیت گارہی ہے۔

دنیا نے دیکھ لیا پُر عزم قومیں مشکلات سے کیسے نکلتی ہیں

راولپنڈی (بیورو رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تاریخی ایونٹ کے انعقاد پر فاٹا کی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا نے دیکھ لیا کہ پرعزم قومیں مشکلات سے کیسے نکلتی ہےں، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان میں کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر پی سی بی پشاور زلمی میچ میں شریک ٹیموں اور میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں امن جیت گیا، ہم امن سے محبت کرنے والی قوم ہیں اور یہ حقیقی شمالی وزیرستان اور پاکستان ہے، انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ پاکستانی مشکل وقت میں ثابت قدم رہ کر مشکلات پر قابو پانے والی قوم ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے ملاقات کی جس میں جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیکورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے میں سیکورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جرمن سفیر نے کہاکہ جرمنی دہشتگردی کے خلاف جنگ پر پاکستان کا شکرگزار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔

ہمیشہ اپنی پرفارمنس کی بدولت ہی کامیابیا ں حاصل کیں ہیں

لاہور(شوبز ڈیسک) فلمسٹار فرح ناز کا کہنا ہے کہ بعض اداکارائیں شہرت حاصل کرنے کیلئے بیہودہ لباس اور نازیبا جملے استعمال کرتی ہیں پیسے اور شہرت کے لالچ میں فحش کام کرتی ہیں جو کہ دوسرے اداکاروں کی بھی بندنامی کا باعث بنتی ہیں جو کسی طور مناسب نہیں فنکار کو اپنی پرفارمنس پر یقین ہونا چا ہیے ،ایک سوال کے جواب میں فرح ناز نے کہا کہ میں نے آج تک جتنا بھی کام کیا ہے کبھی فحاشی اور نازیبا حرکات نہیں کی اور نہ ہی کبھی سفارش کا سہارہ لیا ہے۔

کرینہ کپور خان نے زندگی کی 37 برس کی ہوگئیں

نئی دہلی (شوبز ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور خان نے زندگی کی 37 بہاریں دیکھ لیں۔ بھارتی ذرائع کے مطابق اداکارہ کرینہ کپور خان 21 ستمبر 1980 میں پیدا ہوئیں اور اپنی سالگرہ کا دن شوہر سیف علی خان ، بیٹے تیمور علی خان اور قریبی رشتے داروں کے ساتھ منائیں گی۔انہوں نے اپنے فلم کیریئر کا آغاز 2000 میں فلم ریفیوجی سے کیا جبکہ 2001 میں فلم اشوکا اور کبھی خوشی کبھی غم میں اپنی بہترین اداکاری صلاحیتوں کی بدولت شہرت حاصل کی۔،انہوں نے جب وی مٹ ،بجرنگی بھائی جان ، اومکارا ،3 ایڈیٹس ، چمیلی ،قربان ،ڈان اور دیگر متعدد فلموں میں کام کیا اور بہترین اداکاری کی بدولت متعدد ایوارڈز سے نوازا گیا۔واضح رہے کہ کرینہ کپور خان ان دنوں فلم ویرے دی ویڈنگ کی عکسبندی میں مصروف ہیں۔

سلمان سے جھگڑے کے بعدزندگی برباد ہوگئی

ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکار ویویک اوبرائے نے سلمان خان سے جھگڑا کا پنڈورا باکس گئی سال گزر جانے کے بعد دوبارہ کھول دیا۔بھارٹی میڈیا کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں ویویک نے کہا کہ سلمان سے لڑائی کے بعد ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے کسی نے اپنی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے مجھ پر فتوی جاری کیا ہو کیوں کہ ہٹ فلموں کے باوجود کوئی بھی پروڈیوسر کام دینے کے لیے تیار نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ اس جھگڑے کے بعد میری ذاتی زندگی برباد ہوئی جس کی وجہ سے کسی بھی چیز پر توجہ مرکوز نہیں کرسکتا تھا ۔جب کہ 2007 میں فلم شوٹ آوٹ آف لکھنڈ والا میں کامیاب اور بہترین اداکاری کے باوجود گھر میں تھا۔ویویک اوبرائے کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس کے بعد ہر ایوارڈ فنکشن میں میرا مذاق اڑایا جاتا تھا اور یہاں تک کہ ایک ایوارڈ شو سے خط ملا جس میں مجھے فلم کمپنی کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ دینے کی اطلاع دی گئی لیکن تھوڑی دیر میں مجھے پیغام ملا کہ ایوارڈ شو میں ہی شرکت نہ کروں اور وہ ایوارڈ کسی اور اداکار کو دیا گیا۔

فلم جوانی پھر نہیں آنی کے سیکوئل میں فہدمصطفی کی انٹری

لاہور (شوبز ڈیسک)کی مشہور کامیڈی فلم ‘جوانی پھر نہیں آنی’ کے آئندہ سیکوئل میں حمزہ علی عباسی کی جگہ فہد مصطفی اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔ فلم کی شوٹنگ کا آغاز آئندہ ماہ سے ہوگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ہدایت کار ندیم بیگ کا کہنا تھا کہ فلم کے دیگر کرداروں میں ہمایوں سعید، واسع چوہدری، احمد علی بٹ، عظمی خان اور ثروت گیلانی شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ امکان ہے کہ فلم میں حمزہ علی عباسی بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے تاہم مرکزی کردار فہد مصطفی کریں گے۔فلم کی کہانی اس بار بھی 4 دوستوں پر مبنی ہے جبکہ کرداروں میں کچھ تبدیلی دیکھی جا سکے گی۔فلم کے سیکوئل کی شوٹنگ پہلے کی طرح ملک سے باہر کی جائے گی ۔تاہم اس بار بینگ کاک کے بجائے برطانیہ میں فلم شوٹ کرنے کا امکان ہے۔ خیال رہے کہ فہد مصطفی کے ہمراہ سائرہ شہروز فلم میں پہلی مرتبہ ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے۔

ابرار الحق کاروہنگیا مسلمانوں کیلئے بی ایم ڈبلیو کار نیلام کرنے کا اعلان

لاہور (شوبز ڈیسک)معروف گلوکار ابرارالحق نے روہنگیا مسلمانوں کی مدد کیلئے اپنی بی ایم ڈبلیو کار نیلام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو بھی شخص ان کی کار خریدے گا وہ ان کے ساتھ بنگلہ دیش بھی جا سکتا ہے تاکہ دیکھ سکے کہ کار کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی روہنگیا مسلمانوں میں ہی تقسیم کی گئی ہے۔ابرارالحق نے اداکار فیصل قریشی کے ٹی وی پروگرام میں شرکت کی جہاں روہنگیا مسلمانوں کی حالتِ زار موضوعِ بحث تھی، اس موقع پر انہوں نے اعلان کردیا کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کیلئے اپنی بی ایم ڈبلیو گاڑی نیلام کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنی گاڑی اسی شخص کو دیں گے جو سب سے زیادہ بولی لگائے گا ، گاڑی خریدنے والا شخص خود بھی ان کے ساتھ بنگلہ دیش جا سکتا ہے تاکہ اپنی آنکھوں سے دیکھ سکے کہ کار کی نیلامی سے حاصل ہونے والے پیسے شفاف طریقے سے روہنگیا مسلمانوں میں تقسیم کیے گئے ہیں۔