ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کرس گیل کے چھکوں کی بادشاہت قائم ہوگئی

جمیکا(آئی این پی)ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل نے حالیہ دورہ انگلینڈکے واحد ٹوئنٹی20انٹرنیشنل میچ میں چار چھکے لگاکر مختصر فارمیٹ کے انٹرنیشنل میچوں میں چھکوں کی سنچری مکمل کرنے والے دنیاکے پہلے بیٹسمین ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔یوں وہ تینوں فارمیٹس کے انٹرنیشنل میچوں میں 100+ چھکے لگانے والے دنیاکے واحد بلے باز بھی بن گئے ہیں۔ کرس گیل نے اب تک اپنے ٹوئنٹی20کیریئرکی49 میں سے 9اننگزمیں پانچ یا زائد چھکے لگانے کا بھی اعزاز حاصل کیاہے۔چیسٹرلی اسٹریٹ کے مقام پر کھیلے گئے انگلینڈکے خلاف حالیہ ٹوئنٹی20میچ سے قبل کرس گیل51میچوں کی 48اننگزمیں99 چھکے جڑچکے تھے۔واضح رہے کہ ٹوئنٹی20انٹرنیشنل میچوں کی تاریخ میں کرس گیل کے علاوہ برینڈن میکولم واحد بلے باز ہیں جو 90 سے زائد چھکے لگاچکے ہیں۔جن کے بعد شین واٹسن 83چھکوں کے ساتھ موجود ہیں۔

حریم فاروق نے نئی فلم ”پرچی “کیلئے تیاریاں تیز کردیں

کراچی(شوبز ڈیسک )اداکارہ و پروڈیوسر حریم فاروق نے اپنی نئی زیر تکمیل فلم پرچی کیلئے بیوٹیشن مسرت مصباح کی خدمات حاصل کرلیں گزشتہ روز فلم کی عکسبندی کیلئے حریم فاروق سمیت دیگر فنکاروں علی رحمن خان، احمد علی اکبر، شفقت خان، عثمان مختار ، شفقت چیمہ کا میک اپ مسرت مصباح اورانکی ٹیم نے کیا۔ حریم فاروق نے کہا کہ فلم انڈسٹری میں آرٹسٹوں کے میک اپ کے حوالے سے ایک نیا ٹرینڈ دینے کی کوشش کی ہے ، بیوٹیشن کے حوالے سے نت نئے تجربات نہیں کررہے بلکہ فلم کے کرداروں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کا گیٹ اپ اور میک اپ کیا ہے جدید دور میں فنکاروں کو میک اپ کے ذریعے رنگ و روپ دیکر سنوارنا کسی چیلنج سے کم نہیں۔ مسرت مصباح کا کہنا تھا ہم نے ایک نیا قدم اٹھایا ہے ماڈلز اور فلمی اداکارائیں میک اپ کیلئے رابطے کرتی رہی ہیں۔ اب شوبزمیں میک اپ اور سٹائلش آرٹسٹ کے طور پر ہماری ٹیم کام کررہی ہے۔واضح رہے آئی آر کے فلمز کے بینرتلے بننے والی مذکورہ فلم رواں برس ریلیز کردی جائیگی۔

گلوکاری باقاعدہ فن ،سیکھنے کیلئے دہائیاں لگ جاتی ہیں

لاہور( شوبز ڈیسک) نامور گلوکارہ سائرہ نسیم نے کہا ہے کہ فلم کی موسیقی ابھی ختم نہیں ہمیں صرف معیار کی ضرورت ہے اور اگر ہم معیار بہتر کر لیں تو حالات اچھے ہو سکتے ہیں ۔ایک انٹر ویو میں گلوکارہ کا کہنا تھا کہ موسیقی جتنی بھی مارڈن ہو جائے غزل گائیکی کا انداز نہیں بدل سکتا۔ ہمارے ہاں آج بھی بڑی خوبصورت آواز کے حامل غزل گائیک موجود ہیں جنہیں لوگ سننا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں ہمیں باقاعدہ منصوبہ بندی کر کے اپنی موسیقی کو ترقی دینے اور اسے عام لوگوں میں مقبول بنانے کے لیے از سر نو محنت کرنا ہو گی۔ سائرہ نسیم نے کہا کہ موسیقی میرے خون میں شامل ہے اور اس سے دوری کا سوچ بھی نہیں سکتی ۔ گلوکاری باقاعدہ ایک فن ہے اور اسکے رموز کو سمجھنے میں کئی دہائیاں لگ جاتی ہیں ۔

فنکاروں کی محرم الحرام کے حوالے سے تیاریاں شروع

لاہور(شوبز ڈیسک)فنکاروں نے محرم الحرام کے حوالے سے تیاریوں کا آغاز کردیا ،یکم سے 14محرم الحرام تک مختلف فنکار اپنی رہائشگاہوں پر مجالس و نیاز کا اہتمام کرینگے ۔فنکاروں نے محرم الحرام کے حوالے سے تیاریوں کا آغاز کردیا ،یکم سے 14محرم الحرام تک مختلف فنکار اپنی رہائشگاہوں پر مجالس و نیاز کا اہتمام کرینگے ،ان میں نادیہ علی،شین ،ترنم ناز ، یاسمین شوکت ،حمیرا چنا،بی جی، خوشبو ، مدیحہ شاہ، شاہدہ منی ،حمیراارشد، انور رفیع،جرار رضوی اور دیگر شامل ہیں جبکہ میگھا ،نداچودھری، صائمہ خان، نرگس سمیت متعدد فنکارائیں 12محرم تک شوبز سے دوررہیں گی۔

سلمان خان کو ”گلوبل ڈائیورسٹی“ ایوارڈ سے نواز دیا گیا

لاہور(شوبز ڈیسک ) بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو برطانیہ کے ہاﺅس آف کامنز کی جانب سے “گلوبل ڈائیورسٹی” ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ایوارڈ انہیں عالمی سطح پر عدم مشابہت اور اختلافات کو کم کرنے میں شاندار خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔سلمان خان کو یہ ایوارڈ ہاو¿س آف کامنز میں سب سے زیادہ عرصے تک ممبر پارلیمنٹ کا اعزاز حاصل کرنیوالے ایشیائی نڑاد برطانوی کیتھ واز نے دیا۔

معیار ی ،بامقصد فلموں کی تخلیق سے انڈسٹری بحران ختم ہوگا

لاہور( شوبز ڈیسک )نامور اداکار و ہدایتکار شان نے کہا ہے کہ معیار ی اور بامقصد فلموں کی تخلیق کے ذریعے ہی فلمی انڈسٹری کے بحران پرقابو پا یا جا سکتا ہے ،اس کے لئے ضروری ہے کہ نت نئے موضوعات پرمعیاری اور با مقصد فلمیں بنائیں جاتی او رسینئر فنکاروں کیساتھ ساتھ نئے ٹیلنٹ کی بھی حوصلہ افزائی کی جا ئے ۔ ایک انٹرویو میں شان نے کہا کہ ویسے بھی اب زمانہ او روقت بدل چکا ہے ،صرف معیاری اور اچھی میوزیکل فلمیں ہی شائقین کو کو دوبارہ سینما گھروں تک لاسکتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک میں حکومتیں اپنی فلم انڈسٹری کو بہت زیادہ سپورٹ کرتی ہیںاسی لئے وہاںکی فلمیں ہمیشہ کامیابی سے ہمکنار ہوتی ہیں ۔حکومت کو چاہیے کہ فلم انڈسٹری کی دوبارہ بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پرفوری اقدامات کئے جائیں تاکہ انڈسٹری دوبارہ اپنے پاﺅ ںپر کھڑی ہو سکے۔

خوش آئند بات ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کےساتھ فلمیں بنائی جارہی ہیں

لاہور(شوبز ڈیسک) معروف اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ آج کے دورمیں برسوں فلموں میں کام کرنیوالے فنکاروں سوچی سمجھی سازش کے تحت نظرانداز کیا جارہا ہے۔اداکارہ میرا نے ’میڈیا‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات توبہت خوش آئند ہے کہ ملک بھرمیں سینما گھربن رہے ہیں اورجدید ٹیکنالوجی کے ساتھ فلمیں بنائی جارہی ہیں لیکن ان پراجیکٹس میں فلم کا وہ انگ دکھائی نہیں دیتا، جس کودیکھنے کے لیے فلم بین اصل میں سینما کا رخ کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فلم کی کہانی، کرداروں کی تقسیم، میوزک ، لوکیشنز اوربہت کچھ آج کے دورمیں بننے والی فلموں میں دکھائی نہیں دے رہا۔ یہی وجہ ہے کہ شائقین کی بڑی تعداد پاکستانی فلم سے مایوس دکھائی دیتی ہے۔ اس سلسلے میں نوجوان فلم میکرز کوسوچنا چاہیے کہ وہ کثیرسرمائے سے فلمیں بنا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی اگررسپانس نہیں مل پا رہا تویقینناً انہیں اس پرغورکرنے کی ضرورت ہے۔میرا نے کہا کہ اکثرلوگ گزشتہ دہائیوں میں بننے والی فلموں پرتنقید کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ فلم کی کہانی، فنکاروں اوربدمعاش کلچر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ بہت سے تویہ الزام لگاتے کہ ایک ہی طرح کے چہرے ہرفلم میں دکھائی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دورمیں توسوچی سمجھی سازش کے تحت برسوں فلموں میں کام کرنے والے فنکاروںکو نظرانداز کیا جارہا ہے، اس کے بعد بھی فلم کووہ مقام نہ ملنا نوجوان فلم میکرز کے لیے ایک ایسا سوالیہ نشان بنتا چلا جارہا ہے، جس کے بار ے میں سوچنے کی اشد ضرورت ہے۔ اگر آج بھی اس کے بارے میں غورنہ کیا گیا تو پھر آنے والے چند برسوں میں مزید بحران پیدا ہوجائے گا۔

پولنگ کا وقت ختم ہونے سے قبل مریم نواز کی اچانک ایسی جگہ انٹری کہ سب دیکھتے رہ گئے

لاہور (رپورٹنگ ٹیم) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120میں پولنگ کا عمل کچھ دیر میں ختم ہونے کو ہے لیکن پولنگ کا وقت ختم ہونے سے قبل ہی مریم نواز رائیونڈ سے ماڈل ٹان پہنچ گئیں۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق مریم نواز 180ایچ ماڈل ٹان پہنچ گئی ہیں جہاں الیکشن کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق اور وفاقی وزیرپرویز ملک بھی موجود تھے۔

حکومت نے گھریلو صارفین پر بجلی بم گرادیا, قیمتوں میں حیرت انگیز اضافہ

اسلام آباد(آن لائن)حکومت نے گزشتہ چار سال سے غریبوں کی سینے پر منگ دلتے ہوئے پانچ سال قبل صنعتی بجلی کے ریٹ کو گھریلو ریٹ مقرر کر کے غریبوںکو غریب تر کرنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی ہے ۔2008میں تجارتی بجلی کے ریٹ 7.63تھا جبکہ گھریلو صارفین کو 4.15میں مل رہی تھی ،2017میں حکومت نے گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا ریٹ 7.82روپے مقر ر کرکے بجلی کو مہنگا ترین کر کے کمریں توڑ دی ہیں ۔معلومات کے مطابق2010میں بجلی قیمت میں دھیرے دھیرے اضافہ شروع ہوا ہے جس کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے موجودہ حکومت نے ایک دو چھلانگیں لگا کر صنعتی بجلی ریٹ کے برابر کر کے غریب کو بہترین تحفہ دیدیا جو کہ اس وقت مہنگی ترین بجلی ہے وہ ملک کی عوام کو دی جارہی ہے ۔

اسلام آباد کی اہم ترین عمارت کی چھت پر ,جاسوسی آلات نصب کرنے بارے خبر نے کھلبلی مچادی

اسلام آباد (صباح نیوز) آڈیٹر جنرل پاکستان کی آڈٹ رپورٹ مےں انکشاف کےا گےا ہے کہ اسلام آباد مےں امریکی سفارتخانے کی 8 منزلہ عمارت کی تعمےر، ا ین او سی کے بغےر کی گئی۔ اےن او سی کی منظوری وزےر اعظم نے دےنا تھی اےن او سی ملنے سے قبل ہی عمارت کی تعمےر شروع کی گئی اے جی پی کی رپورٹ مےں اسلام آباد میں ڈپلومیٹک اینکلیو میں واقع امریکی سفارتخانے کی عمارت کی تعمیر میں بے ضابطگیوں کا انکشاف کےا گےا ہے ۔آڈیٹر جنرل نے امریکی سفارت خانے کی آٹھ منزلہ عمارت کی تعمیر کے حوالے سے خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس عمارت کی چھت علاقے میں حکومتی دفاتر پر نظر رکھنے کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے۔ڈپلومیٹک اینکلیو میں عمارتوں کی تعمیرات کے ضابطہ اخلاق کے مطابق کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)اس علاقے میں صرف 5 منزلہ عمارت کی تعمیر کی منظور دے سکتا ہے تاہم آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی سفارتخانے کی عمارت کا کیس 8 منزلہ ہونے کی وجہ سے عجیب ہے۔آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سی ڈی اے بورڈ نے امریکی سفارتخانے کو این او سی جاری کرنے کے فیصلے کو وزیر اعظم کے حتمی فیصلے سے مشروط کیا ہوا تھا، لیکن وزیر اعظم کے پاس زیر التوا منظوری کے باوجود عمارت میں تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا گیا۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی ایجنسیوں نے 2012 میں چیئر مین سی ڈی اے کو ایک خط لکھا جس میں انہوں نے امریکی سفارت خانے کی عمارت کی وسیع تعمیرات پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس عمارت کی پہنچ شاہراہِ دستور سے متصل بیشتر وزارتوں اور دیگر سرکاری عمارتوں تک ہو جائے گی۔رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ ممکنہ طور پر عمارت کی چھت پر حکومتی دفاتر کی نگرانی کے لیے جاسوسی کے آلات نصب کیے جائیں گے۔آڈیٹر جنرل پاکستان نے کہا کہ آٹھ منزلہ عمارت کی تعمیر کے لیے وزیر اعظم نے منظوری نہیں دی تھی لہذا اس عمارت کے منصوبے اور اس کی ساخت میں بے ضابطگیوں کی اعلی سطح پر انکوائری کی جانی چاہیے۔