راولپنڈی (بیورو رپورٹ ‘ مانیٹرنگ ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن(ر) صفدر کو بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ائرپورٹ سے گرفتار کر کے نیب اسلام آباد منتقل کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داما د کیپٹن (ر) صفدر اپنی اہلیہ مریم نواز شریف کے ہمراہ لندن سے بے نظیر بھٹو ائرپورٹ پہنچے جہاں کچھ دیر پارٹی رہنماوں کے ہمراہ گفتگو کی اور بعد ازاں مریم نواز ایک قافلے کے ہمراہ پنجاب ہاوس کی جانب روانہ ہوگئیں جبکہ کیپٹن(ر) کو ایوان فیلڈ پراپرٹی ریفرنس میں نیب لاہور نے حراست میں لے کر نیب اسلام آباد منقتل کردیا ہے۔اس سے قبل نیب لاہور نے انہیں رن وے سے گرفتار کرنے کی کوشش کی مگر اے ایس ایف نے انہیں رن وے پر جانے کی اجازت نہیں دیبعد ازاں کیپٹن (ر) صفدر راول لاونج میں پہنچے مگر وہاں پر بھی نیب لاہور کے افراد کو اندر جانے نہیں دیا گیا لیکن مذاکرات کے بعد نیب نے کیپٹن (ر) صفدر کو حراست میں لے لیا۔ ائرپورٹ سے نکلنے کے بعد لیگی کارکنان نے گاڑی کو روکنے کی کوشش کی ، کچھ کارکنان نے گاڑی کے بونٹ پر ہاتھ مارنا شروع کردیا جبکہ چند جذباتی کارکنان گاڑی کے آگے لیٹ گئے۔ نیب ٹیم کو یرغمال بنا کر دھمکیاں دی گئیں مشتعل کارکن نیب کی گاڑی کے اوپر چڑھ گئے گھونسے اور لاتیں ماریں، ایئرپورٹ پر آصف کرمانی، دانیال عزیز اور دیگر وزراءنے بھی نیب ٹیم کو دھمکیاں دیں اور انہیں اندر جانے سے روکے رکھا۔ سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر ایم این اے کو لندن سے واپسی پر راولپنڈی ایئرپورٹ پر گرفتار کر کے تفتیشی سیل منتقل کر دیا گیا۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ ان کی پاکستان آمد سے قبل کر لیا گیا تھا۔ مریم نواز، حسین اور حسن کی مرضی کے بغیر پاکستان آئی ہیں۔ کیپٹن (ر) صفدر بھی فوری وطن واپسی کے قائل نہ تھے مگر مریم نواز انہیں منا کر پاکستان لائیں، جہاز کی لینڈنگ سے قبل ایئرپورٹ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کر لئے گئے تھے جبکہ لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد بھی ایئرپورٹ پہنچ چکی تھی، نیب کی خصوصی ٹیمیں بھی گرفتاری کیلئے پہلے سے ہی ایئرپورٹ پر موجود تھیں، جبکہ مریم نواز کا خصوصی سکیورٹی سٹاف بھی ایئرپورٹ پر موجود تھا، لیگی رہنما آصف کرمانی نے اس موقع پر کہا کہ گرفتاری ہوئی تو قانونی راستہ اپنائیں گے۔ پرویز رشید، آصف کرمانی ماروی میمن، دانیال عزیز، زیب النساءسمیت لیگی رہنما بھی استقبالیہ کیلئے ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق نیب حکام نے فی الحال مریم نواز کو گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ البتہ مریم نواز سے ضمانتی مچلکوں پر دستخط کرائے۔ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے بتایا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی حفاظتی ضمانت نہیں کرائی گئی۔ اس حوالے سے آج کوشش کی جائے گی۔






































