ابوظہبی(سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ(آج)پیر کو کھیلا جائے گا ، سیریز میں قومی ٹیم کو1-0کی برتری حاصل ہے۔ دوسرا ڈے نائٹ ون ڈے میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 4 بجے شروع ہوگا۔دوسرے ون ڈے سے قبل قومی ٹیم نے بیٹنگ اور بولنگ کے علاوہ فیلڈنگ کی بھرپور پریکٹس کی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا(آج) ابوظہبی کے میدان میں مدمقابل ہوں گے۔ چیمپئنز ٹرافی کی فاتح سرفراز الیون کے حوصلے بلند، میزبان ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ شاہینوں نے دبئی کے افتتاحی میچ میں لنکن ٹائیگرز کو تراسی رنز سے دھول چٹائی۔ پہلے میچ میں بابر اعظم کی فارم لوٹ آئی اور مڈل آرڈر بلے باز نے کیرئیر کی چھٹی سنچری بنائی۔ حسن علی نے مسلسل پانچویں میچ میں تین شکار کر کے دھاک بٹھائی۔ ایک انٹرویو میں حسن علی کا کہنا تھا کہ وہ عمر گل کا مسلسل چھ بار یہ کارنامہ انجام دینے کا ریکارڈ توڑنے کے لیے پرعزم ہیں اور ورلڈ کپ میں بہترین بولر بننا ان کا ہدف ہے۔دبئی میں سری لنکا اور پاکستان کے درمیان دوسرے ون ڈے میچ کے لئے دونوں ٹیمیں نے بھرپور پریکٹس کی۔پہلے میچ میں کامیابی کے بعد ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں (آج) کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں کامیابی کے لئے قومی ٹیم پرعزم ہے۔کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور بولنگ کے علاوہ فیلڈنگ کی پریکٹس کی جب کہ فاسٹ بولر محمد عامر کی غیر موجودگی میں حسن علی پر قومی ٹیم کا انحصار ہوگا۔ دوسرا ڈے نائٹ ون ڈے میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 4 بجے شروع ہوگا۔