لندن (نیٹ نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن کے کنوینر ندیم نصرت نے بانی الطاف حسین سے علیحدگی اختیار کرلی۔ ندیم نصرت، بانی ایم کیو ایم کے قریبی ساتھی کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ ندیم نصرت کے بانی ایم کیو ایم سے گزشتہ چند ماہ سے مالی معاملے پر اختلافات چل رہے تھے، جس میں شدت آنے کے بعد انہوں نے ایم کیو ایم لندن کو خیرباد کہہ دیا۔ ذرائع نے کہا کہ علیحدگی کے بعد ندیم نصرت اہلخانہ کے ہمراہ لندن سے امریکا منتقل ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق واسع جلیل، انبساط ملک اور ذوالفقار حیدر سمیت ایم کیو ایم لندن کی رابطہ کمیٹی کے دیگر اہم رہنما پہلے ہی بانی کو چھوڑ چکے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ندیم نصرت کے الطاف حسین سے اختلافات کی خبریں سامنے آچکی ہیں۔ ندیم نصرت نے 1997 میں بانی ایم کیو ایم کے خلاف پریس کانفرنس کی تھی جس میں انہوں نے علیحدہ گروپ بنانے کا اعلان کیا تھا، تاہم ایم کیو ایم کے اہم رہنماو¿ں نے مداخلت کرکے یہ اختلافات ختم کرائے تھے۔