لاہور (خبر نگار) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن پارٹی عہدہ سے مستعفی ہو گئے جبکہ پارٹی نے استعفیٰ قبول نہیں کیا ہے۔ آصف علی زرداری نے ندیم چن کو لاہور بلا لیا۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن نے اچانک پارٹی عہدہ سے مستعفٰی ہونے کا اعلان کر دیا ندیم افضل چن کے مطابق چھوٹے بھائی سابق رکن صوبائی اسمبلی وسیم افضل چن کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے بعد پارٹی عہدہ پر رہنے کا اخلاقی جواز نہیں بنتا تھا اس لئے استعفیٰ دے دیا ہے ذرائع کے مطابق پارٹی نے استعفیٰ قبول نہیں کیا جبکہ آصف علی زرداری نے ندیم چن کو فوری طور پر لاہور بلا لیا ہے۔ ندیم افضل چن نے سیاست کا آغاز بلدیاتی سیاست سے کرتے ہوئے 2001 میں تحصیل ناظم ملکوال منتخب ہوئے اور 2008 کے انتخابات میں حلقہ ۱ین اے 64 سرگودھا سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور کچھ عرصہ چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی بھی رہے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری کے سیاسی مشیر بھی رہ چکے ہیں اور پارٹی میں فعال کردار ادا کرنے پر انہیں جنرل سیکرٹری وسطی پنجاب بنایا گیا تھا۔ تاہم قوی امکان ہے کہ آصف علی زرداری کی مداخلت پر ندیم چن اپنا فیصلہ واپس لے لیںگے۔