لاہور(اے این این)وزارت داخلہ کے حکم پر ملک بھر میں اسلام و ریاست مخالف اور مذہبی منافرت پھیلانے والی ویب سائٹ بند کرنے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ایف آئی اے لاہورکی سائبر پٹرولنگ ٹیم نے 89ویب سائٹس، فیس بک اکانٹس اور بلاگز کا سراغ لگا کر فہرست اسلام آباد ہیڈکوارٹرز کو بھجوا دی۔ معلوم ہوا کہ سوشل میڈیا کے بے شمار اکانٹس مذہبی منافرت اور فرقہ واریت پھیلانے، اسلام اور پاکستان کیخلاف پراپیگنڈا کرنے اور ملک میں سائبر دہشتگردی کو فروغ دینے کا باعث بن رہے ہیں، ان میں سے بعض اکانٹس کالعدم تنظیمیں چلا رہی ہیں اور وہ سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔لاہور آفس کی جانب سے ہیڈ کوارٹرزکومراسلہ میں مذکورہ سائٹس کی فہرست دیتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کو ہدایت جاری کی جائے کہ وہ ان اکانٹس اور سوشل میڈیا کے پیجز کو بلاک کردے۔ ذرائع کے مطابق فہرست میں مذہبی نفرت پھیلانے والی 20، اسلام مخالف 5، پاکستان مخالف 49 جبکہ 15 ویب سائٹس اور پیجز فرقہ واریت پھیلانے میں ملوث ہیں، انہیں آپریٹ کرنیوالوں کا سراغ بھی لگایا جا رہا ہے اور جلد کارروائی ہوگی۔





































